Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’38 سال کی عمر میں بھی ۔۔۔‘ وراٹ کوہلی بھی رونالڈو کے مداح

وراٹ کوہلی نے کہا تھا کہ ’رونالڈو میرے مطابق دنیا کے عظیم ترین کھلاڑی ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سٹار بیٹر وراٹ کوہلی بھی پرتگال کے سپرسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی تعریف پر مجبور ہو گئے ہیں۔
جمعے کے روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی سٹوری میں وراٹ کوہلی نے کرسٹیانو رونالڈو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’38 سال کی عمر میں بھی سب سے اوپر ہیں۔ فٹبال کے ماہرین بیٹھ کر ہر ہفتے ان پر تنقید کر رہے ہیں تاکہ انہیں کوئی توجہ ملے اور وہ خبروں کی زینت بنیں۔‘
وراٹ کوہلی نے مزید لکھا کہ ’جیسی انہوں نے (رونالڈو) نے دنیا کے ایک بہترین کلب کے خلاف کارکردگی دکھائی ہے، اب وہ چپ ہوں گے۔‘
کوہلی نے طنزیہ انداز میں یہ بھی لکھا کہ ’کہہ رہے تھے یہ ختم ہو گیا ہے۔‘
یہ کوئی پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ وراٹ کوہلی نے کرسٹیانو رونالڈو کے بارے میں کوئی پیغام لکھا ہو۔
انڈین بیٹر نے 12 دسمبر کو بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رونالڈو کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا تھا اور کہا تھا کہ ’وہ میرے مطابق دنیا کے عظیم ترین کھلاڑی ہیں۔‘
خیال رہے کہ جمعرات کے روز سعودی عرب کے کنگ فہد انٹرنیشنل سٹیڈیم میں الہلال اور النصر کلب کا میچ پیرس سینٹ جرمین سے ہوا تھا جس میں کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی آمنے سامنے تھے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے میچ میں 2 گول سکور کیے، تاہم پیرس سینٹ جرمین نے چار کے مقابلے میں پانچ گول سے فتح حاصل کر کے ریاض سیزن کپ اپنے نام کر لیا۔
 

شیئر: