Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور سیرالیون میں گھریلو ملازمین کی درآمد کےلیے معاہدہ

ملازمت اور حقوق و فرائض کو قانون کے دائرے میں لایا گیا ہے ( فائل فوٹو سبق)
سعودی عرب اور سیرالیون نے گھریلو ملازمین کی درآمد اور ان کے حقوق و فرائض سے متعلق معاہدہ کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے سیرالیون سے گھریلو عملے کی درآمد اور انہیں روزگار فراہم کرنے کے حوالے سےدو معاہدوں پر دستخط  کیے۔
سیرالیون سے ملازمین کی درآمد اور مملکت میں ان کی ملازمت اور حقوق و فرائض کو قانون کے دائرے میں لایا گیا ہے۔ 
دونوں ملکوں نے طے کیا ہے کہ وہ مملکت میں ملازمت کے لیے سیرالیون سے گھریلو عملے کی درآمد کی کارروائی مقررہ قوانین و ضوابط  کے مطابق کریں گے اور طے شدہ قوانین کا احترام کیا جائے گا۔ 
گھریلو عملہ دونوں ممالک اپنے یہاں رجسٹرڈ ریکروٹنگ ایجنسیوں، کمپنیوں اور اداروں کے توسط  سے حاصل اور فراہم کریں گے۔ دونوں ملکوں کے متعلقہ ادارے ریکروٹنگ کی لاگت کو منظم کریں گے اور اس حوالے سے مسقرر ضوابط کا احترام کیا جائے گا۔
معاہدوں کے تحت فریقین اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اپنے یہاں کسی غیر رجسٹرڈ کمپنی یا ایجنسی یا ادارے کو گھریلوعملے کی درآمد اور فراہمی میں دخل نہیں دینے دیں گے۔ 
اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ گھریلو عملے سے انہیں طلب کرنے والے ریکروٹنگ فیس وصول نہیں کریں گے۔ روزگار کی فراہمی کے عنوان سے کوئی رقم نہیں لی جائے گی۔ تنخواہ سے غیر قانونی طریقے پر کوئی بھی رقم نہیں کاٹی جائے گی۔ 
معاہدوں کے تحت فریقین مقررہ قوانین و صوابط کی خلاف ورزی کرنے والے ریکروٹنگ اداروں، کمپنیوں اور ایجنسیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ 

گھریلو عملے کے لیے مشترکہ ملازمت کا معاہدہ جاری کیا جائے گا( فوٹو ٹوئٹر)

معاہدے میں دونوں ملکوں پر یہ پابندی لگائی گئی ہے کہ وہ گھریلو عملے کے لیے مشترکہ ملازمت کا معاہدہ جاری کریں گے اور اس کی پابندی کی جائے گی۔
سعودی عرب معاہدے کے تحت اس کا پابند بنایا گیا ہے کہ اس کا کوئی بھی ادارہ سرالیون سے گھریلو عملے کی درآمد کی کارروائی مقررہ قوانین سے ہٹ کر نہیں کرے گا۔
سعودی عرب گھریلو عملے کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔ آجر اور اجیر کے درمیان ملازمت کے معاہدے پر عمل درآمد کرائے گا۔ 
تنخواہیں معاہدہ ملازمت کے مطابق بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائیں گی۔  ملازمت کے معاہدوں کی خلاف ورزی کے تنازعات ریکارڈ وقت میں طے کرائے جائیں گے۔ ملازمت کا معاہدہ ختم ہونے یا ایمرجنسی صورتحال پیدا ہونے پر گھریلو عملے  کو مملکت سے نکلنے کے لیے ویزے کا اجرا آسان کیا جائے گا۔ 
سیرالیون پر پابندی لگائی گئی ہے کہ وہ سعودی عرب کو فراہم کیے جانے والے گھریلو عملے کےحوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔ گھریلو عملے کو مملکت کے رسم و رواج سے آگاہ کیا جائے گا۔
ایسے کسی بھی شخص کو جس کا سیکیورٹی ریکارڈ خراب ہوگا اسے مملکت نہیں بھیجا جائے گا۔ گھریلو عملے کو مملکت بھیجنے سے قبل کسی سپیشل سینٹر یا انسٹی ٹیوٹ میں ٹریننگ کورس کرایا جائے گا۔ 

شیئر: