Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 رونالڈو کا النصر کلب میں پہلا میچ، شائقین کی نگاہیں مرسول سٹیڈیم پر

رواں ماہ کے اوائل میں کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کے النصر کلب کے ساتھ معائدہ کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
 دنیائے فٹبال کے شائقین کی نگاہیں سعودی دارالحکومت ریاض کے مرسول پارک سٹیڈیم کی جانب مرکوز ہیں جہاں پرتگالی سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو النصر کلب کی جانب سے اتوار کو اپنا پہلا باقاعدہ میچ کھیلیں گے۔
عاجل نیوز کے مطابق روشن پروفیشنل لیگ کے چوتھے راؤنڈ میں النصر کلب اور الاتفاق کلب آمنے سامنے ہوں گے۔
آج (اتوار کی) شام مکہ کے وقت کے مطابق ساڑھے آٹھ بجے مرسول پارک گراؤنڈ میں کرسٹیانو رونالڈو اپنی انٹرنیشنل شرٹ میں کھیل پیش کریں گے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کے النصر کلب کے ساتھ معائدہ کیا تھا جسے فٹبال کی تاریخ کا مہنگا ترین معائدہ قرار دیا جا رہا ہے۔
النصر کلب کی ٹیم نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا ہے جس میں سٹار فٹبالر رونالڈو میچ کی تیاری کرتے دیکھے جا سکتے ہیں۔
النصر کلب نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’دنیا بے تابی سے اتوار کو پہلے میچ میں رونالڈو کی فتح کا انتظار کر رہی ہے۔‘
واضح رہے کہ اس وقت روشن پروفیشنل لیگ میں النصر کلب 30 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ یوں یہ ٹیم الاتحاد کلب سے محض ایک پوائنٹ کی دوری پر ہے۔

شیئر: