Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاکھوں سعودی شہریوں کا یوم پیدائش یکم رجب مگر کیسے؟

تقریباً 50 فیصد سعودیوں کے برتھ سرٹیفکیٹ میں تاریخ پیدائش یکم رجب درج ہے (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں لاکھوں مقامی شہریوں کی پیدائش یکم رجب ہے۔ ایک اندازے کے مطابق تقریباً 50 فیصد سعودیوں کے برتھ سرٹیفکیٹ میں تاریخ پیدائش یکم رجب درج ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ایسے شہری جنہیں اپنا تاریخ پیدائش معلوم نہیں یا وہ شہری جن کے برتھ سرٹیفکیٹ نہیں بنے ان کے ریکارڈ میں تاریخ پیدائش یکم رجب تحریر کردی جاتی ہے۔
زیادہ تر سعودی پیدائش کا سال یاد رکھتے ہیں، مہینہ اور دن نہیں۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سول افیئرز ڈیپارٹمنٹ (الاحوال المدنیہ)  نے ایسے شہریوں کی تاریخ پیدائش یکم رجب درج کر رکھی ہے۔ 
محکمہ احوال مدنیہ کو ایسے مقامی شہریوں کی تاریخ پیدائش کے اندراج میں مشکل پیش آتی تھی جنہیں اپنی پیدائش کا سال تو یاد ہے لیکن مہینہ اور دن نہیں۔
سرکاری محکموں اور تعلیمی اداروں میں دستاویز اور فیصلوں کے لیے تاریخ پیدائش اہمیت رکھتی ہے۔ سرکاری اور نجی ملازمین کی ریٹائرمنٹ اسی کی بنیاد پر ہوتی ہے۔
ایوان شاہی نے احوال مدنیہ کی تجویز پر اس مسئلے کا حل یہ دیا تھا کہ ہر ایسے شہری کا جسے اپنی پیدائش کا دن اور مہینہ نہ یاد ہو اس کی تاریخ پیدائش یکم رجب تحریر کردی جائے۔
سعودی عرب میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی عام ہونے کے بعد انتظامی اور تکنیکی ترقی ہو چکی ہے۔ اب برتھ سرٹیفکیٹ پر پیدائش کے مہینے اور دن کے علاوہ  گھنٹے اور منٹ تک کا ریکارڈ موجود ہے۔
احوال مدنیہ اب برتھ سرٹیفکیٹ میں سال پیدائش کے ساتھ مہینے، دن، گھنٹے اور منٹ تک کا اندراج کرتا ہے۔ 

شیئر: