Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پرویز الٰہی کو گرفتار کیا جاتا تو پنجاب ایسا نہ ہوتا،‘ فواد چوہدری کی اہلیہ کا جوابی وار

چودھری پرویز الٰہی کے مطابق ’ان لوگوں نے عمران خان کو غلط مشورے دیے اور آج اس فیصلے کا نتیجہ دیکھ لیں۔‘ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی اہلیہ حبا چوہدری نے پروزیر الہی کی جانب سے فواد چوہدری کے خلاف بیان کی مذمت کرتے ہوئے’ماضی میں پرویز الٰہی کو گرفتار کر لیا جاتا تو آج پنجاب ایسا نہ ہوتا۔‘
اے آر وائی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں گفتگو کے دوران پرویز الہی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے حبا چوہدری کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کو اپنا بیان واپس لینا چاہیے۔
حبا چوہدری نے کہا کہ ’ماضی میں پرویز الٰہی کو گرفتار کر لیا جاتا تو آج پنجاب ایسا نہ ہوتا۔ ہم پریشانی میں ہیں اور پرویز الٰہی کو اس قسم کا بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔‘
حبا چوہدری نے بتایا کہ گھر کے اسٹاف نے بتایا فواد چوہدری کو اٹھانے کے لیے 14 لوگ آئے تھے، شوہر کو تو معلوم ہی نہیں تھا کہ ان پر کون سی دفعات لگائی گئی ہیں، عدالت میں ان کو بتایا گیا کہ ان پر کون سی دفعات لگائی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرے گھر لوگ بھیجے جا رہے ہیں یہ کیا طریقہ ہے، عدالت میں بھی لوگ بھیجے جا رہے تھے ہم نے کون سی دہشت گردی کی ہے۔‘
دوسری جانب رات گئے پرویز الہی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ فواد چوہدری کے حوالے سے اپنے بیان پر معذرت خواہ ہوں۔  پرویز لہی نے ٹویٹ کی کہ ’آج تقریر کے دوران پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کے متعلق جو گفتگو ہوئی اس پر معذرت خواہ ہوں. فواد چودھری کی پوری فیملی سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں. میرے بیان سے ان کی فیملی کو دکھ پہنچا جس پر میں ان سے معذرت خواہ ہوں۔‘

قبل ازیں پرویز الٰہی نے جمعرات کے دن میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ’میں نے پی ٹی آئی والوں کو کہہ کہہ کر تھک گیا تھا کہ ابھی کام کرنے دو، اسمبلی مت توڑو، مگر میری بات نہیں مانی گئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر ہم ایک سال تک مزید کام کرتے تو یہاں ن لیگ کے کپڑے تک نہ ملتے۔‘
’لیکن خان صاحب کے ساتھ جو بیٹھنے والے لوگ تھے وہ پارٹی کو لے کر بیٹھ گئے، تین چار بندوں کی وجہ سے، ان میں سے ایک بے چارہ (فواد چودھری) جس کا مجھے بہت افسوس ہے اگر پہلے پکڑا جاتا تو ہمارا کام بن جاتا اور شاید اسمبلیاں نہ ٹوٹتیں۔‘
چودھری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ قدرتی امر ہے کہ ن لیگ والے بھی یہ ہی چاہ رہے تھے کہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے۔‘
’میں نے انہیں کہا کہ آپ کو 25 مئی یاد ہے، آپ پھر کیوں بار بار ان ہی لوگوں کو آزماتے ہیں جو پہلے ہی آزمائے ہوئے ہیں ایسا نہ کریں۔‘
چودھری پرویز الٰہی کے مطابق ’ان لوگوں نے عمران خان کو غلط مشورے دیے اور آج اس فیصلے کا نتیجہ دیکھ لیں۔‘

شیئر: