Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات سے باہر چھ ماہ سے زیادہ قیام، غیرملکیوں کو واپسی کی سہولت 

امارات کا کہنا ہے یہ سہولت گولڈن اقامہ ہولڈرز پر لاگو نہیں ہوگی (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں قومی شناخت، شہریت، کسٹم اور پورٹس سیکیورٹی کے وفاقی ادارے نے کہا ہے کہ’ امارات سے باہر چھ ماہ سے زیادہ قیام کرنے والے تارکین کو واپسی کےلیے پرمٹ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے‘۔ 
امارات کے سرکاری خبررساں ادارے وام کےمطابق یہ سہولت گولڈن اقامہ ہولڈرز پر لاگو نہیں ہوگی۔ 
وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ’ نئی سہولت ایسے غیرملکیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے دی جارہی ہے جن کےاقامے موثر ہیں‘۔
ایسے غیر ملکی تعلیم، علاج، روزگار سمیت کسی وجہ سے امارات سے باہر چھ ماہ سے زیادہ قیام پر مجبور ہوئے اور بیرون امارات قیام کی انتہائی مدت پوری کرچکے ہوں۔ قانون کے مطابق ایسے غیرملکیوں کا اقامہ منسوخ ہوجاتا ہے۔ 
وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ ’نئی سہولت کے تحت تارکین کا اقامہ پھر موثر کردیا جائے گا اور انہیں سابقہ اقامے کی بنیاد پر امارات واپس آنے کی اجازت دی جائے گی تاہم انہیں پرمٹ حاصل کرنا ہوگا‘۔ 
وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ ’چھ ماہ سے زیادہ امارات سے باہر قیام  کرنے والوں کو واپسی کا اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے کارروائی کرنا ہوگی‘۔
انہیں اماراتی آئی ڈی اور پاسپورٹ کی فوٹو کاپی ارسال کرنا ہوگی۔ چھ ماہ تک بیرون امارات قیام اور واپسی میں تاخیر کی وجہ بیان کرنا ہوگی۔
یہ سہولت صرف ان تارکین وطن کے لیے خاص ہے جو امارات سے باہر چھ ماہ سے زیادہ قیام کرچکے ہوں اور بیرون ریاست  سے کارروائی کررہے ہوں۔

شیئر: