Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ: افتخار احمد نے ’وزیرِ کھیل‘ وہاب ریاض کو ایک اوور میں چھ چھکے مار دیے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر افتخار احمد نے پشاور زلمی کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ایک اوور میں چھ چھکے مار دیے۔
اتوار کو کوئٹہ کے بگٹی سٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 184 رنز بنائے اور اننگز کے آخری اوور میں افتخار احمد نے وہاب ریاض کو چھ چھکے مارے۔
افتخار احمد نے 50 گیندوں پر 94 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
وجاہت کاظمی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’افتخار احمد ایک اچھے ٹی20 پاور ہٹر بنتے جا رہے ہیں۔‘
وہاب ریاض کا نام اس سے پہلے صوبہ پنجاب کے نگراں وزیرِ کھیل کے طور پر بھی سامنے آ رہا تھا اور یہی وجہ ہے کہ جب ان کے اوورز میں چھ چھکے لگے تو صارفین اس کا ذکر کیے بغیر نہ رہ سکے۔
ارسلان نصیر نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’افتخار احمد نے وزیر کھیل وہاب ریاض کو ایک اوور میں چھ چھکے مار دیے ہیں۔‘
عمیر علوی نے ایک سکرین شاٹ شیئر کیا جس میں افتخار احمد کے نام کی سپیلنگ غلط تھی۔ انہوں نے لکھا ’ان کا نام کبھی غلط سپیل نہ کریں ورنہ وہ آپ کے بہترین بولر کو ایک اوور میں چھ چھکے ماریں گے۔‘
افتخار احمد کے نام کے ساتھ ساتھ ’افتی مینیا‘ بھی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شائقین کرکٹ سے افتخار احمد کی جارحانہ بیٹنگ کے بارے میں پوچھا ’افتی مینیا کے بارے میں کیا خیال ہے؟‘

شیئر: