Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آئندہ غلطی نہیں ہوگی‘: ڈی ایچ اے والی میڈ، سسٹرالوجی کی اقرا کنول اور ایک ایوارڈ کی کہانی

پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز 2026 کی یوٹیوب کریئیٹر آف دی ایئر (ویمن) کیٹیگری میں ڈی ایچ اے والی میڈ نے حال ہی میں ایوارڈ اپنے نام کیا، جبکہ اسی کیٹیگری میں نامزد معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اقرا کنول کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔
اس ایوارڈ کے اعلان کے بعد اقرا کنول کے ردعمل اور ان کے شوہر کے بیان نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ رکھی ہے۔
7 نومبر 2026 کو کراچی کے ایکسپو سینٹر میں پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی شوبز انڈسٹری اور ڈیجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والی متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں 30 سے زائد کیٹیگریز میں ڈیجیٹل کریئیٹرز کو ان کی ویڈیوز اور کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈز دیے گئے۔
تقریب میں جب یوٹیوب کریئیٹر آف دی ایئر (ویمن) کیٹیگری کے فاتح کا اعلان ہوا تو کامیابی ڈی ایچ اے والی میڈ کے حصے میں آئی۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فاتح کے نام کے اعلان کے بعد اقرا کنول کے چہرے پر مایوسی کے تاثرات نمایاں تھے، جبکہ ان کے شوہر عریب پرویز نے انہیں حوصلہ دیتے ہوئے کہا، ’کوئی بات نہیں، یہ سب زندگی کا حصہ ہے۔‘
اقرا کنول نے بھی اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے ان کی حمایت اور محبت پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ہر ووٹ اہمیت رکھتا ہے اور مداحوں نے جس محنت اور لگن سے انہیں سپورٹ کیا، وہ اس کی قدر کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنے چاہنے والوں کے لیے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’آپ سب سے محبت ہے۔‘
عریب پرویز کا بیان اور اقرا کنول کی محنت کا ذکر
ڈی ایچ اے والی میڈ کی جیت کو ان کے مداحوں نے خوب سراہا، تاہم ایوارڈز کی تقریب کے بعد اقرا کنول اور ان کے شوہر کے وی لاگ میں ہونے والی گفتگو نے اس معاملے کو مزید توجہ کا مرکز بنا دیا۔
عریب پرویز نے اپنے ردعمل میں کہا کہ وہ اس نتیجے سے اداس ہیں اور ان کے خیال میں اس ایوارڈ کی حقدار اقرا کنول تھیں۔ تاہم انہوں نے جیتنے والی کریئیٹر کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے کوئی نفرت نہیں اور انہیں بھی بہت مبارک ہو۔
عریب پرویز نے مزید کہا کہ مختصر دورانیے کی ویڈیوز تخلیق کرنے والے کسی کریئیٹر کا موازنہ طویل دورانیے کی ویڈیوز بنانے والے کریئیٹر سے نہیں کیا جا سکتا۔
اس موقع پر اقرا کنول نے اپنے یوٹیوب کے سفر اور اس دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں تک پہنچنے کے لیے انہوں نے کئی چیلنجز کا سامنا کیا، جن کا شاید لوگوں کو مکمل اندازہ نہیں۔
ان کے مطابق سات ملین افراد پر مشتمل کمیونٹی بنانا آسان نہیں اور نہ ہی روزانہ 30 منٹ کے دورانیے کی ویڈیو تیار کرنا کوئی معمولی کام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں اور انہیں اپنی محنت اور صلاحیتوں کی قدر کا بخوبی اندازہ ہے۔
ڈی ایچ اے والی میڈ نے کامیابی پر کیا کہا؟
دوسری جانب ڈی ایچ اے والی میڈ نے بھی اپنی کامیابی پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ یہ کامیابی ان کے مداحوں کے ووٹوں کی بدولت ممکن ہوئی ہے اور انہیں اتنی محبت ملنے پر رونا آ رہا ہے۔ ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لکھا، ’اللہ پاک مجھے آپ کے پیار کے قابل بنائے رکھے۔‘
ڈی ایچ اے والی میڈ مختصر عرصے میں سوشل میڈیا پر نمایاں مقبولیت حاصل کر چکی ہیں۔ وہ اپنے روزمرہ معمولات کو وی لاگز کی صورت میں شیئر کرتی ہیں۔ ان کی ویڈیوز میں گھر کی صفائی، کھانا پکانے اور دیگر گھریلو کاموں کے علاوہ گھر کی مالکن کے ساتھ ہونے والی گفتگو بھی شامل ہوتی ہے۔ ان کے اس منفرد انداز کو صارفین کی جانب سے خاصی پذیرائی ملتی ہے اور ان کی ویڈیوز پر لاکھوں اور بعض اوقات کروڑوں ویوز بھی آتے ہیں۔
اقرا کنول کا نیا انکشاف، انتظامیہ نے غلطی تسلیم کرلی؟
سوشل میڈیا پر اس معاملے کے حوالے سے مختلف آرا سامنے آئیں۔ بعض صارفین نے اقرا کنول کے ردعمل پر تنقید کی، جبکہ متعدد کریئیٹرز نے بھی اس بحث میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔
تاہم معاملے نے اس وقت ایک نیا رخ اختیار کیا جب اقرا کنول نے ایک نئی ویڈیو میں ایوارڈز کی انتظامیہ کے ساتھ ہونے والی گفتگو کے بارے میں بتایا۔
اقرا کنول کے مطابق انتظامیہ نے ان سے گفتگو کے دوران تسلیم کیا کہ اس مرتبہ بعض معاملات میں غلطیاں ہوئی ہیں اور انہیں اس کا احساس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ آئندہ سال ایوارڈز کے انعقاد کے دوران ان خامیوں کو دور کیا جائے گا اور انتظامات کو پہلے سے بہتر بنایا جائے گا۔
تاہم اقرا کنول نے انتظامیہ کی جانب سے تسلیم کی گئی غلطیوں کی نوعیت یا انتخابی عمل میں کسی مخصوص بے ضابطگی کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔ اس حوالے سے ایوارڈز کی انتظامیہ کا باضابطہ مؤقف بھی سامنے آنا باقی ہے۔
ایوارڈز کے انتخاب کا معیار زیرِ بحث
اس پورے معاملے نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ ڈیجیٹل دنیا میں کسی کریئیٹر کی کامیابی اور مقبولیت کو جانچنے کا معیار کیا ہونا چاہیے؟ کیا طویل عرصے سے ویڈیوز بنانے والے کریئیٹرز کی محنت کو زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے یا نئے انداز اور منفرد مواد کے ذریعے تیزی سے مقبول ہونے والے افراد بھی اسی سطح پر پذیرائی کے مستحق ہیں؟
پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز میں سامنے آنے والی یہ بحث اب محض ایک ایوارڈ کے نتیجے تک محدود نہیں رہی بلکہ اس نے ڈیجیٹل کریئیٹرز کی محنت، ویڈیوز کے معیار، عوامی مقبولیت اور ایوارڈز کے انتخابی طریقہ کار سے متعلق کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔

شیئر: