Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

  ’ایکس کا دادا‘، پاکستان کا پہلا ٹوئٹر صارف کون تھا؟ ’گروک‘ سے دلچسپ سوال

ڈاکٹر عواب علوی کی پہلی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’انٹرنیٹ پر وقت گزار رہا ہوں، لیکن بہت جلد سونے کا ارادہ ہے۔‘(فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان میں ٹوئٹر استعمال کرنے والا پہلا شخص کون تھا؟ یہ سوال 11 نومبر کو ایکس پر اس وقت دلچسپی کا باعث بنا جب مختلف ممالک کے صارفین نے مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹ ’گروک‘ سے اپنے ملک کے پہلے ٹوئٹر صارف کے بارے میں پوچھنا شروع کیا۔
پاکستان کے حوالے سے ’گروک‘ نے کراچی سے تعلق رکھنے والے ڈینٹسٹ اور معروف بلاگر ڈاکٹر عواب علوی کی پروفائل کی نشان دہی کی، جو اپریل 2007 سے اس پلیٹ فارم پر موجود ہے۔
ایکس صارف سعد قیصر نے گروک کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ ’پاکستان میں سب سے پہلے ایکس پروفائل کس کی تھی؟ پاکستان کا او جی ٹوئٹر صارف کون تھا؟‘
اس پر ’گروک‘ نے جواب دیا کہ پاکستان سے بنائی گئی ابتدائی ترین معروف ایکس پروفائلز میں سے ایک ڈاکٹر عواب علوی کی ہے۔ گروک کے مطابق انہوں نے 27 اپریل 2007 کو ٹوئٹر جوائن کیا تھا اور اسی روز اپنی پہلی پوسٹ بھی کی تھی۔
ڈاکٹر عواب علوی کی پہلی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’انٹرنیٹ پر سرفنگ رہا ہوں، لیکن بہت جلد سونے کا ارادہ ہے۔‘
گروک نے ساتھ ہی وضاحت کی کہ دستیاب ابتدائی ریکارڈ محدود ہونے اور پرانی پروفائلز یا پوسٹس حذف ہو جانے کے باعث پاکستان سے ٹوئٹر استعمال کرنے والے پہلے شخص کا حتمی تعین مشکل ہے۔
اس لیے ڈاکٹر عواب علوی کو پاکستان کے ابتدائی معروف صارفین میں سے ایک قرار دیا جا سکتا ہے، لیکن دستیاب معلومات کی بنیاد پر انہیں قطعی طور پر پہلا صارف نہیں کہا جا سکتا۔
ڈاکٹر عواب علوی پیشے کے اعتبار سے دندان ساز اور سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے بیٹے ہیں۔
وہ کراچی میں دندان سازی کے شعبے سے وابستہ ہیں اور پاکستان کے ابتدائی بلاگرز میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ 2004 سے اپنے بلاگ ’ٹیتھ ماسترو‘ کے ذریعے مختلف موضوعات پر لکھتے رہے ہیں اور انٹرنیٹ پر بھی سرگرم رہے ہیں۔ 
 ڈاکٹر عواب علوی کا ردِعمل
گروک کے جواب کے بعد ایک صارف نے ڈاکٹر عواب علوی کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ ’کیا یہ واقعی آپ ہی ہیں؟‘ اس پر انہوں نے اپنی پرانی پروفائل کی عمر کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ پروفائل اتنی پرانی ہے کہ اس وقت وہیل بھی ملازمت پر تھی۔‘
ان کا اشارہ ٹوئٹر کی مشہور ’فیل وہیل‘ کی طرف تھا، جو ویب سائٹ میں خرابی یا سروس بند ہونے کے دوران صارفین کو دکھائی دیتی تھی۔
ڈاکٹر عواب علوی نے ایک دوسری پوسٹ میں سعد قیصر کے سوال کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’سعد کسی اور نام کی توقع کر رہے تھے، مگر انہیں 2007 کا ایک سیاسی حریف مل گیا۔ فیل وہیل بھی اس مایوسی کو دیکھ رہی ہے۔‘
اسی پوسٹ میں انہوں نے ٹوئٹر کے ابتدائی دور کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ وقت بھی کیا تھا جب ٹوئٹر پر ہونے والی لڑائیاں ٹوئٹر ہی تک محدود رہتی تھیں اور کسی کو اغوا یا تشدد کا نشانہ نہیں بنایا جاتا تھا۔ پرانے ٹوئٹر کے دن اور 140 حروف کی حد یقیناً اس دور کے صارفین کو یاد آتی ہوگی۔‘
صارفین نے پرانے ٹوئٹر کو کیسے یاد کیا؟
ڈاکٹر عواب علوی کی پروفائل سامنے آنے کے بعد ایکس صارفین نے بھی اپنے تجربات شیئر کیے۔
بعض صارفین نے بتایا کہ انہوں نے 2008 اور 2009 میں ٹوئٹر استعمال کرنا شروع کیا تھا، جبکہ کچھ نے کہا کہ انہیں اس پلیٹ فارم کے بارے میں ڈاکٹر عواب علوی کے ذریعے معلوم ہوا تھا۔
ڈاکٹر عواب علوی کی پروفائل کی عمر پر تبصرہ کرتے ہوئے امینہ زبیر نے انہیں مزاحیہ انداز میں ’ایکس کا دادا‘ بھی کہا۔
 

 
کچھ صارفین نے اس دور میں موبائل فون کے ایس ایم ایس کے ذریعے ٹوئٹر پر پوسٹس کرنے کا ذکر بھی کیا۔
پاکستان میں 2006 کی پروفائلز کا ذکر
پاکستان میں ٹوئٹر کے ابتدائی صارفین کے حوالے سے 2012 میں پاکستانی انٹرنیٹ صارف عرفان احمد کی جانب سے جمع کیے گئے اعداد و شمار بھی سامنے آئے تھے۔
ان کے مطابق 2006 میں سات ایسی پروفائلز سامنے آئی تھیں جن کی رجسٹریشن اسی سال ہوئی تھی۔ ان میں ’ویک‘ 30 اگست، ’ایاز شاہ‘ 2 اکتوبر، ’کے او‘ 10 اکتوبر، ’ای ایف آر جی‘ 23 نومبر، ’نیش‘ 24 نومبر، ’مارز آن ارتھ‘ 5 دسمبر اور ’فریش فرحان‘ 23 دسمبر 2006 کو رجسٹر ہوئے تھے۔
تاہم ان پروفائلز کے اصل مالکان، ان کی شناخت اور رجسٹریشن کے وقت پاکستان میں موجودگی کی تصدیق نہیں ہو سکی، اس لیے ان میں سے کسی کو پاکستان کا پہلا ٹوئٹر صارف قرار دینا ممکن نہیں۔
ٹوئٹر کی ابتدا کب ہوئی؟
ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی نے 21 مارچ 2006 کو اپنی پہلی پوسٹ کی تھی، جس میں انہوں نے لکھا تھا ’جسٹ سیٹنگ اپ مائی ٹوئٹر‘۔ اس سروس کو ابتدا میں انگریزی حروف میں ’twttr‘ لکھا جاتا تھا، جبکہ عام صارفین کے لیے اس کا آغاز جولائی 2006 میں ہوا۔

بعد ازاں یہ پلیٹ فارم دنیا بھر میں مقبول ہوا اور 2022 میں ایلون مسک کی جانب سے خریدے جانے کے بعد اس کا نام تبدیل کر کے ’ایکس‘ رکھ دیا گیا۔

شیئر: