Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اہلیہ پر ’تشدد‘، سابق انڈین کرکٹر ونود کامبلی کے خلاف مقدمہ درج

ونود کامبلی کے خلاف مقدمہ ممبئی کے باندرا پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)
انڈیا میں ممبئی پولیس نے سابق کرکٹر ونود کامبلی کے خلاف اہلیہ پر تشدد کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق ونود کامبلی کے خلاف مقدمہ ممبئی کے باندرا پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔
سابق انڈین کرکٹر پر الزام ہے کہ انہوں نے جمعے کو شراب کے نشے میں اپنے فلیٹ میں اپنی اہلیہ اینڈریا ہیوٹ پر فرائنگ پین کے دستے سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ان کی اہلیہ کے سر پر چوٹ آئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ونود کامبلی نے اپنی اہلیہ پر حملہ اپنے 12 سالہ بیٹے کی موجودگی میں کیا۔ ممبئی پولیس کے مطابق اینڈریا ہیوٹ نے پولیس کو شکایت درج کروانے سے قبل بھابھا ہسپتال سے طبی مدد حاصل کی تھی۔
پولیس کے پاس موجود درج مقدمہ میں اینڈریا ہیوٹ کا کہنا ہے کہ ’سمجھانے کے باوجود بھی انہوں (ونود کامبلی) نے مجھ سے اور میرے بیٹے سے بدتمیزی کی۔ وہ ہماری طرف طرف لپکے۔ فرائنگ پین کے دستے سے تشدد کرنے کے بعد وہ ہماری طرف کرکٹ بیٹ لے کر آئے۔‘
اینڈریا ہیوٹ نے پولیس کا مزید بتایا کہ تشدد کے بعد وہ اپنے بیٹے کے ساتھ گھر چھوڑنے میں کامیاب ہوئیں اور طبی امداد حاصل کرنے ہسپتال پہنچیں۔ ونود کامبلی کے خلاف مقدمہ انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 324 اور 504 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ونود کامبلی 1991 سے لے کر سنہ 2000 تک انڈین ٹیم کا حصہ رہے۔ انہوں نے انڈیا کی جانب سے 104 ون ڈے میچوں میں 2 ہزار 477 رنز جبکہ 17 ٹیسٹ میچوں میں 1 ہزار 84 رنز بنائے تھے۔
کامبلی نے اپنے کیریئر کا پہلا ون ڈے میچ اکتوبر 1991 میں پاکستان کے خلاف شارجہ میں کھیلا تھا۔

شیئر: