Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنرل باجوہ نے اعتراف کیا عمران خان جیسا بلنڈر ہم سے ہوا : مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ ’ٹینکوں کے آگے لیٹنے کا دعویٰ کرنے والے بلک بلک کر رو رہے ہیں۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
مسلم لیگ نواز کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ’باجوہ صاحب جب ریٹائر ہوئے تو انہوں نے لوگوں سے کہا کہ ہاں، میں مانتا ہوں کہ عمران خان جیسا بلنڈر ہم سے ہوا ہے۔‘
مریم نواز نے اتوار کو ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پاکستان کے 75 سالوں میں تاریخ کا سب سے بڑا بلنڈر تھا۔ اس بلنڈر نے ملک کی ایک کونے سے لے کر دوسرے کونے تک تباہی مچا دی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اب صرف اعتراف کافی نہیں، جو داغ ملک و قوم کے ماتھے پر لگایا اس کو دھونا پڑے گا۔ اس فتنے کو اٹھا کر سیاست سے باہر پھینکنا پڑے گا۔‘
’یہ بلنڈر نہیں تھا۔ یہ سانپ تھا جو پانچ کے ٹولے سے پالا۔ اب یہی سانپ اس پانچ کے ٹولے کو ڈس رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عوام نے تین بار نواز شریف پر اعتماد کیا تو وہ عوام کی امیدوں پر پورا اترا۔ ان پانچ پیاروں نے جو تجربہ کیا وہ منہ کے بل زمین پر گر گیا اور پاکستان کو بھی لے کر بیٹھ گیا۔‘
مریم نواز نے عمران خان اور ان کی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کی اپوزیشن میں بھی کارکردگی خراب ہے۔ یہ دو دو گھنٹے کی گرفتاریوں میں بھی بچوں کی طرح بلک بلک کر رو رہے ہیں۔ ترس آتا ہے ان لوگوں پر۔‘
’کہتے تھے پہلی بار ٹکر کے لوگوں سے پالا پڑا ہے۔ ٹکر کے لوگ زمین پر بیٹھ کر بچوں کی طرح رو رہے ہیں۔ ٹینکوں کے آگے لیٹنے کا دعویٰ کرنے والے بلک بلک کر رو رہے ہیں۔‘
’یہ پہلی بار بے فیض ہوئے ہیں کیونکہ یہ فیض کی بیساکھیوں پر سیاست کرتے رہے۔‘

شیئر: