Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈالر کی اونچی اڑان تھمنے لگی، قدر میں 3 روپے کی کمی

گزشتہ دو دنوں میں ڈالر چھ روپے 58 پیسے سستا ہوا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں امریکی ڈالر کی اونچی اڑان تھمنے لگی ہے اور جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر تین روپے سستا ہو گیا ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے کی سخت شرائط تسلیم کرنے اور قرض کی قسط جلد منظور ہونے کی خبروں کے بعد ایک بار پھر روپے کی قدر میں بہتری کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
 فاریکس ڈیلرز کے مطابق رواں ہفتے کے چار کاروباری حصوں میں اب تک ڈالر کی قیمت میں ساڑھے چھ روپے کی کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے۔  
ایکسچینج کمپنیز ایس سی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری ظفر پراچہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’گزشتہ دو روز سے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کی خبریں مارکیٹ میں گردش کر رہی ہیں جس کے بعد ملک میں روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ جمعرات کو کاروبار کے ابتدائی اوقات میں ایک امریکی ڈالر کی انٹر بینک مارکیٹ میں قیمت تین روپے 33 پیسے کم ہوئی ہے، اس کمی کے بعد  ڈالر 270 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔ 
گزشتہ چار کاروباری حصوں یعنی دو دن کی بات کی جائے تو ڈالر چھ روپے 58 پیسے سستا ہوا ہے۔ 
معاشی امور کے ماہر سمیع اللہ طارق کے مطابق روپے کی قدر میں بہتری کی اہم وجہ ’آئی ایم ایف معاہدے میں مثبت پیش رفت‘ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو روپے کی قدر میں بہتری کے تسلسل کو برقرار رکھنے لیے برآمدات میں اضافہ کرنا ہو گا۔
’ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور بیرون ممالک میں مقیم افراد کو پاکستان پیسے بھیجنے میں آسانی ہو گی تو ہی پاکستانی روپیہ مضبوط ہو گا۔‘
سمیع اللہ طارق کا مزید کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر میں اضافے سے جو عام استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے وہ اب واپس ہونا چاہیے۔

شیئر: