Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں عمرہ زائرین سے سروے، کیا پوچھا جا رہا ہے؟

سروے رپورٹس کی بنیاد پر جامع منصوبہ بندی میں مدد ملے گی ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں ادارہ امورحرمین کی جانب سے عمرہ زائرین کو سہولت فراہم کرنے اورمسجد الحرام میں خدمات کے معیار کو مزید بہتربنانے کے لیے سروے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ 
سرکاری خبررساں ایجنسی کےمطابق عمرہ زائرین سے کیے جانے والے سروے کا مقصد مطاف اور مسعی میں گزرنے والے دورانیہ کا حساب لگانا ہے تاکہ ایام حج اور رمضان کے دوران بڑی تعداد میں زائرین کی آمد کے موقع پرسروے رپورٹس کی بنیاد پر جامع منصوبہ بندی کی جاسکے۔ 
مسجد الحرام میں سروے اورانفارمیشن سینٹرکے ڈائریکٹر محمد بن سعد السویھری نے بتایا کہ’ سروے میں عمرہ زائرین سے یہ معلوم کیا جارہا ہے کہ طواف کتنے وقت میں کرتے ہیں بعدازاں سعی میں کتنا وقت لگتاہے جبکہ طواف سے مسعی تک پہنچنے میں کتنا وقت لگتا ہے‘۔
سروے میں یہ بھی دریافت کیا جا رہا ہے کہ ’طواف اور سعی کےلیے کون سی ویل چیئزرزیادہ استعمال ہوتی ہیں، نماز کی ادائیگی اورمسجد الحرام میں کون سی جگہ بیٹھنے کےلیے انہیں پسند ہے‘۔ 
سروے کے بعد حاصل ہونے والے نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی تاکہ رمضان اور ایام حج میں انتظامی امورمیں آسانی ہواور زائرین کوبھی کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
محمد بن سعد السویھری نے مزید کہا ’مسجد الحرام میں آنے والے زائرین کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کےلیے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں‘۔ 

شیئر: