Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب آنے والے سیاح ویلیو ایڈڈ ٹیکس واپس لے سکتے ہیں؟

اتھارٹی کا کہنا ہے ٹیکس کی واپسی قانون کی شق سے مشروط ہو گی (فائل فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب میں ٹیکس، کسٹم اور زکوٰۃ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’فی الوقت مملکت آنے والے سیاحوں کو واپسی پر ویلیو ایڈیڈ ٹیکس(واٹ) واپس نہیں دیا جا سکتا۔ واٹ کی واپسی قانون کی شق نمبر 73 سے مشروط ہو گی۔‘ 
 عکاظ کے مطابق کسٹم و ٹیکس اتھارٹی نے قانون کی شق نمبر73 کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’اتھارٹی اس امر کی پابند نہیں کہ مملکت آنے والے سیاحوں کو واپسی پر یہاں خریداری پر وصول کیا گیا واٹ واپس کیا جائے۔‘ 
’قانون کی شق کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے ایک یا ایک سے زائد سروسز مہیا کرنے والوں کو متعین کیا جائے جو سیاحوں کا کیس وصول کر کے ان کی نیابت کرتے ہوئے اتھارٹی میں واٹ کی واپسی کا مطالبہ کریں۔ اتھارٹی کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ ایسی سروس مہیا کرنے والے اداروں کی فہرست جاری کریں۔‘ 
قانون کی شق 73 میں اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ ’ویلیوایڈیڈ ٹیکس کی واپسی کے لیے ایسے سیاح جو جی سی سی ممالک کے رہائشی نہ ہوں وہ اپنا کیس مقررہ سروس مہیا کرنے والے ادارے میں جمع کرا سکتے ہیں۔ ان سیاحوں کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ جو اشیا انہوں نے خریدی ہیں وہ انہیں مملکت یا جی سی سی میں استعمال نہیں کریں گے بلکہ اپنے ملک لے کر جائیں گے۔‘ 
’واٹ کی واپسی کا مطالبہ جمع کراتے وقت سیاح کا مملکت میں موجود ہونا ضروری ہے۔ سروس مہیا کرنے والے ادارے کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ کیس کا اچھی طرح مطالعہ کرنے کے بعد اتھارٹی کو ارسال کرے تاکہ وہاں سے منظوری جاری کی جا سکے۔‘ 
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ’کیس موصول ہونے کے بعد ویلیو ایڈیڈ ٹیکس کی واپسی کی منظوری کی صورت میں رقم اسی سروس مہیا کرنے والے ادارے کو منتقل کر دی جائے گی، جس کے ذریعے کیس جمع کرایا گیا تھا۔ سروس مہیا کرنے والے ادارے کا اختیار ہو گا کہ وہ واپسی کی رقم سے اپنی مقرر کردہ فیس وصول کرے۔‘ 
اتھارٹی کو یہ حق ہو گا کہ وہ موصول ہونے والے کیس کو مکمل یا جزوی طورپررد کر دے۔ کیس کی واپسی کی صورت میں متعلقہ ایجنٹ کو کیس بھیج دیا جائے گا جس کے ذریعے اتھارٹی کو جمع کرایا گیا تھا۔   

شیئر: