Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لُڈو گیم پر انڈین شہری سے محبت، پاکستانی لڑکی بنگلور کیسے پہنچی؟

انڈین حکام نے پچھلے ہفتے پاکستانی لڑکی کو خاندان کے حوالے کردیا تھا۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
انڈیا کے شہر بنگلور میں گزشتہ ماہ گرفتار ہو کر رواں ہفتے پاکستان واپس پہنچنے والی لڑکی کے حوالے سے انڈین میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اپنا زیور فروخت کرکے اور دوستوں سے پیسے ادھار لے کر دبئی اور اور کٹھمنڈو کے راستے انڈیا پہنچی تھی۔
خیال رہے پچھلے مہینے بنگلور میں پولیس نے ملائم سنگھ نامی ایک شخص کو گرفتار کیا تھا جس کی تحویل سے ایک پاکستانی لڑکی بھی برآمد ہوئی تھی جو آن لائن گیم لُڈو پر ملائم سنگھ سے دوستی کر کے انڈیا پہنچی تھی۔
انڈین پولیس نے بغیر ویزا ملک میں داخل ہونے پر پاکستانی لڑکی کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا جبکہ ملائم سنگھ پر مقدمہ درج کر کے حراست میں لے لیا تھا۔
انڈین نیوز ایجنسی ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ (پی ٹی آئی) کے مطابق گزشتہ اتوار کو انڈین حکام نے لڑکی کو واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا تھا جس کے بعد لڑکی کو حیدرآباد میں اُس کے خاندان سے ملوایا گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق پاکستانی لڑکی کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکی کو لینے اس کے والد، انکل اور ماں لاہور پہنچے تھے۔
پی ٹی آئی کے مطابق لڑکی کے والد سہیل انصاری کا کہنا ہے کہ ’ہمیں اب تک یہ علم نہیں کہ ہماری بیٹی میں خود سے انڈیا پہنچنے کی ہمت کہاں سے آئی۔ وہ تو بہت شرمیلی تھی۔‘
لڑکی کے خاندانی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ’اس نے اس خطرناک سفر کی شروعات اس لیے کی کیونکہ وہ ایک انڈین شخص کی محبت میں گرفتار ہو گئی تھی جس کے بارے میں اسے پتا تھا کہ وہ کوئی مسلمان انجینئر ہے جس کا نام سمیر انصاری ہے۔‘
انڈین میڈیا کے مطابق پاکستانی لڑکی پاکستان سے پہلے دبئی پہنچی اور پھر وہاں سے نیپال جس کے بعد ملائم سنگھ اسے غیر قانونی طور پر سرحد پار کروا کر انڈیا لے آیا۔
لڑکی کے انکل افضل جیوانی کا کہنا ہے کہ ان کی بھتیجی پہلے دبئی اور کٹھمنڈو اس لیے گئی کیونکہ اسے انڈیا کا ویزا نہیں مل سکا تھا۔

شیئر: