Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کی پابندیاں ختم ہونے کے بعد فلائی دبئی کا ریکارڈ منافع

فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ ’اس نے سنہ 2022 میں ایک  کروڑ 6 لاکھ مسافروں کو منزل تک پہنچایا‘ (فائل فوٹو: فلائی دبئی)
وبا کی پابندیاں ختم اور فضائی سفر بحال ہونے کے بعد بجٹ ایئرلائن فلائی دبئی نے ریکارڈ منافعے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سیاحت اور کاروبار کے مرکز دبئی کی کمپنی نے سنہ 2022 میں 32 کروڑ 70 لاکھ ڈالر منافع کمایا۔
یہ منافع سنہ 2021 کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح کمپنی کے سالانہ ریوینیو میں 72 فیصد اضافہ ہوا اور یہ دو ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔
فلائی دبئی کے چیف ایگزیکٹیو افسر غیث ال غیث نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم نے پہلے ہی دبئی میں بڑے مواقعے کا اندازہ لگا لیا تھا اور فضائی سفر کی طلب میں اضافے کے بعد ہم نے اپنے آپریشنز کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کر رکھی تھی۔‘
گذشتہ برس دنیا کے مصروف ترین سیاحتی مرکز دبئی کے لیے فضائی سفر میں دو گنا اضافہ ہو گیا تھا، تاہم یہ کورونا وائرس کی وبا سے قبل 2019 کے ریکارڈ سے کم ہے۔  
فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ ’اس نے سنہ 2022 میں ایک  کروڑ 6 لاکھ مسافروں کو منزل تک پہنچایا اور یہ تعداد گذشتہ برس کی نسبت 89 فیصد زیادہ ہے۔‘
کمپنی کے مطابق ’اس نے اپنی صلاحیت میں بھی اضافہ کیا ہے اور 17 نئے جہاز خریدنے کے ساتھ 1300 نئے ملازمین بھی بھرتی کیے ہیں۔‘

’فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران ایک لاکھ 33 ہزار فٹ بال شائقین نے فلائی دبئی کے ذریعے سفر کیا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

یاد رہے کہ سنہ 2020 میں فلائی دبئی نے 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا خسارہ ظاہر کیا تھا۔
کمپنی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’گذشتہ برس اچھی کارکردگی کی وجہ سے قطر میں فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران فلائی دبئی کی جانب سے 1300 کے قریب شٹل فلائٹس چلائی گئیں۔‘
’میگا ایونٹ میں 30 روز کے دوران مختلف ممالک کے ایک لاکھ 33 ہزار فٹ بال شائقین نے فلائی دبئی کے ذریعے سفر کیا۔‘
غیث ال غیث کے مطابق ’سنہ 2022 کمپنی کے لیے بہت اچھا رہا کیونکہ ایکسپو 2020 کے آخری چند ماہ اور قطر میں فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کی وجہ سے فضائی سفر میں اضافہ ہوا۔‘

شیئر: