Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اداکار ستیش کوشک چل بسے، ’زندگی اب ویسی نہیں ہوگی‘

ستین کوشک 13 اپریل 1956 کو پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے کئی تاریخی ہندی فلموں میں کام کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ اداکار اور ہدایت کار ستیش کوشک 66 سال کی عمر میں چل بسے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق ستیش کوشک کی وفات بدھ کو نئی دہلی میں ہوئی جہاں گاڑی چلاتے ہوئے انہیں دل کا دورہ پڑا۔ ان کی میت جمعرات کو ممبئی لائی جائے گی۔
ستیش کوشک 13 اپریل 1956 کو پیدا ہوئے اور انہوں نے کئی مشہور ہندی فلموں میں کام کیا جن میں ’رام لکھن‘، ’جانے بھی دو یارو‘ اور ’مسٹر انڈیا‘ جیسی مشہور فلمیں شامل ہیں۔
ستیش کوشک نے کئی فلموں کی ڈائریکشن کے فرائض بھی سرانجام دیے جن میں ’روپ کی رانی چوروں کا راجہ‘، ’پریم‘، ’ہم آپ کے دل میں رہتے ہیں‘ اور ’تیرے نام‘ قابل ذکر ہیں۔
ان کی موت کی خبر پر فلم انڈسٹری صدمے میں ہے اور کئی افراد نے تعزیت کی ہے۔
ستیش کے دیرینہ دوست اور ساتھی مشہور اداکار انوپم کھیر نے ایک ٹویٹ میں اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں جانتا ہوں کہ موت اس دنیا کی آفاقی سچائی ہے لیکن میں نے کبھی اپنے خوابوں میں بھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے اپنی زندگی میں یہ سب اپنے بہترین دوست ستیش کوشک کے حوالے سے لکھنا پڑے گا۔‘
’45 برس کی دوستی پر ایسے اچانک سے فل سٹاپ! ستیش تمہارے بغیر زندگی اب ویسی نہیں ہو گی۔‘
اداکارہ کرینہ کپور بھی ستیش کوشک کی اچانک موت سے دل گرفتہ نظر آئیں۔ انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’مجھے کچھ کہنا ہے، ملیں گے ملیں گے۔ یہ بہت دل توڑنے دینے والی بات ہے ستیش جی----ہمارے اکٹھے گزرنے والے وقت کو یاد کر کے۔‘
سنیل شیٹھی کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’آج ہم نے فلم انڈسٹری کی ایک بہترین شخصیت کو کھو دیا ہے۔ ان کی یاد ان تمام لوگوں کے لیے ایک نعمت ہو گی جو انہیں جانتے اور پیار کرتے تھے۔ لواحقین سے دلی تعزیت۔‘
اداکارہ نہیا دھوپیا نے بھی اپنے ٹویٹ میں ستیش کوشک کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’سینما اور قہقوں کے لیے شکریہ۔ آپ کی روح کو سکون ملے کوشک جی۔‘

 

شیئر: