Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توشہ خانے سے کون کیا لے کر گیا؟، تفصیلات ویب سائٹ پر ڈال دی گئیں

دستاویزات کے مطابق عمران خان نےعود کی لکڑی کا بکس اور دو پرفیوم جن کی مالیت 5 لاکھ روپے تھی، بغیر ادائیگی کے حاصل کیے۔ (فوٹو: روئٹرز)
وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا ریکارڈ سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا ہے۔
اتوار کو توشہ خانہ کا 2002 سے 2023 کا 466 صفحات پر مشتمل ریکارڈ کیبنٹ ڈویژن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا ہے۔
توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والوں میں سابق صدور، سابق وزرائے اعظم، وفاقی وزرا اور سرکاری افسران کے نام شامل ہیں۔ کم مالیت کے بیشتر تحائف وصول کنندگان نے قانون کے مطابق بغیر ادائیگی کے ہی رکھ لیے کیونکہ 2022 میں 10 ہزار روپے سے کم مالیت کے تحائف بغیر ادائیگی کے رکھنے کا قانون تھا۔
سابق صدر پرویز مشرف، سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے نام شامل ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سابق وزیراعظم عمران خان کا توشہ خانہ ریکارڈ بھی اپ لوڈ کیا گیا ہے۔
موجودہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر عارف علوی کا توشہ خانہ ریکارڈ بھی اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔

پرویز مشرف نے درجنوں قیمتی گھڑیاں اور جیولری بکس ملے قانون کے مطابق رقم ادا کر کے رکھ لیے تھے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

2004 میں سابق صدر پرویز مشرف کو 65 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے تحائف ملے۔
پرویز مشرف کو مختلف اوقات میں درجنوں قیمتی گھڑیاں اور جیولری بکس ملے جو انہوں نے قانون کے مطابق رقم ادا کر کے رکھ لیے تھے۔
نواز شریف نے کویت سے ملنے والے 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی گھڑی، کف لنکس اور کویت کے یادگاری سکے، دو لاکھ 43 ہزار روپے میں حاصل کیے۔
سنہ 2015 میں ان کی اہلیہ نے 6 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سونے کا ہار اور بریسلیٹ ایک لاکھ 21 ہزار روپے میں لے لیے۔
نواز شریف نے 12 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی اور پرفیوم 2 لاکھ 40 ہزار روپے میں خریدے۔
جنوری 2016 میں سابق وزیراعظم نے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کے تحائف جن میں گھڑی، قلم، انگوٹھی، کف لنکس اور تسبیح شامل ہیں، 76 لاکھ 30 ہزار روپے ادا کر کے اپنے پاس رکھ لیے۔
دستاویزات کے مطابق کلثوم نواز کو 13 جنوری 2016 کو ملنے والے ساڑھے 5 کروڑ روپے مالیت کے بریسلٹ، ہار، ایئر رنگس محض ایک کروڑ 8 لاکھ 63 ہزار روپے ادا کر کے حاصل کیے گئے۔

نواز شریف نے 12 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی اور پرفیوم 2 لاکھ 40 ہزار روپے میں خریدے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

اسی برس نواز شریف نے ایک کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے تحائف 32 لاکھ 88 ہزار روپے دے کر خرید لیے۔
انہوں نے 2017 میں ملنے والی 40 لاکھ 50 ہزار روپے کی رولیکس گھڑی 8 لاکھ 8 ہزار روپے میں حاصل کی، جبکہ 12 لاکھ 10 ہزار مالیت کی گھڑی اور پرفیوم 2 لاکھ 40 ہزار روپے میں خریدے۔
دستاویز کے مطابق عمران خان نے توشہ خانہ سے  ڈائمنڈ گولڈ گھڑی، کف لنکس کا جوڑا،  قلم اور انگوٹھی رکھی۔
عمران خان نے چاروں اشیا کے 2 کروڑ ایک لاکھ 78 ہزار روپےادا کیے، اس کے علاوہ انہوں نے 38 لاکھ روپے کی ایک اور گھڑی 7 لاکھ 54 ہزار روپے ادا کر کے حاصل کی۔
انہوں نے ایک عدد رولیکس گھڑی  2 لاکھ 94 ہزار روپے ادا کر کے حاصل کی۔

شیئر: