Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویب سیریز ’فرضی‘ کا سین کاپی کرنے والا یوٹیوبر گرفتار

پولیس کے مطابق ’یوٹیوبر اور اُن کے دوست نے گالف کورس روڈ پر مارُوتی بلینو گاڑی چلاتے ہوئے اس سین کو نقل کیا‘ (فائل فوٹو: سکرین گریب)
بالی وُڈ کے اداکار شاہد کپور کی ویب سیریز ’فرضی‘ کے سین کو کاپی کرنے والے یوٹیوبر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اکانومک ٹائمز کے مطابق نئی دہلی سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر جورآور سنگھ کالسی کو تیز رفتار گاڑی چلانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔
جورآور سنگھ کالسی کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں انہیں اپنے دوست گرپریت سنگھ عرف لکی کے ساتھ شاہد کپور اور وجے سیتھوپاتھی کی ویب سیریز ’فرضی‘ کے سین کو کاپی کرتے دیکھا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یوٹیوبر اور اُن کے دوست نے گالف کورس روڈ پر مارُوتی بلینو گاڑی چلاتے ہوئے اس سین کو نقل کیا۔
ویڈیو میں جورآور سنگھ کو اپنے دوست کے کہنے پر گاڑی کی ڈِگی کو کھول کر سڑک پر جعلی نوٹ پھینکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق اے سی پی ڈی ایل ایف وکاس کوشک کا کہنا ہے کہ ’بظاہر  یہ لگ رہا ہے کہ اِن کے پاس اجازت نامہ نہیں تھا اور یہ ویڈیو بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے بنائی گئی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ایسی ویڈیوز کا مقصد سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنا ہوتا ہے جس کے باعث سڑک پر نقل و حرکت کرنے والے افراد کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔‘
پولیس کے علم میں اس بات کا اضافہ ہوا کہ جعلی نوٹوں پر کسی ’منورنجن بینک‘ نامی فرضی بینک کا نام لکھا ہوا تھا۔
جورآور سنگھ کالسی اور اُن کے دوست لکی سوشانت لوک پولیس سٹیشن میں گرفتار ہیں جن پر تیز ڈرائیونگ، عوامی مقام پر ہُلڑ بازی اور جان کو خطرے میں ڈالنے کی دفعات پر مقدمہ درج کیا گیا۔
یوٹیوبر جورآور سنگھ کالسی کے یوٹیوب پر ساڑھے تین لاکھ سبسکرائبر ہیں۔ وہ اپنے یوٹیوب چینل پر لائف سٹائل، ٹریول اور فٹنس وی لاگز اپلوڈ کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم ایمیزون پرائم پر ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’فرضی‘ کی کہانی سنی نامی ایک چالاک اور شاطر دماغ کے ماہر کے گرد گھومتی ہے جو جعلی کرنسی بناتا ہے۔
شاہد کپور اور وجے سیتھوپاتھی کی اس ویب سیریز کو صارفین کی بڑی تعداد پسند کر رہی ہے۔

شیئر: