Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بھاگیہ شری: جن کی معصومیت نے لاکھوں دل جیتے لیکن انہوں نے اپنا سکرپٹ خود لکھا

بھاگیہ شری کی فلم ’میں نے پیار کیا‘ آج بھی کلاسک رومانوی فلموں میں شمار ہوتی ہے۔ فائل فوٹو: سکرین گریب
انڈین سنیما کی تاریخ میں کچھ ایسے چہرے سامنے آئے جو طویل فلمی کیریئر کے بغیر بھی ناظرین کے دلوں پر ہمیشہ کے لیے نقش ہو کر رہ گئے۔
اداکارہ بھاگیہ شری انہی میں سے ایک ہیں۔ ان کی مسکراہٹ، معصوم آنکھیں اور لازوال سادگی آج بھی 1980 کی دہائی کی رومانویت کی یاد دلاتی ہے۔
ان کی پہلی فلم ’میں نے پیار کیا‘ نے ایک ساتھ دو سٹار سلمان خان اور بھاگیہ شری کو جنم دیا لیکن بھاگیہ شری نے اپنی زندگی کا سکرپٹ خود لکھا جبکہ سلمان نے ایک کے بعد ایک کامیاب فلمیں دیں۔
23 فروری 1969 کو انڈیا کی مغربی ریاست مہاراشٹر کے سنگلی کے ایک شاہی خاندان میں پیدا ہونے والی بھاگیہ شری کا اصل نام بھاگیہ شری پٹوردھن ہے۔ آرام و آسائش میں پلی بڑھی اس لڑکی نے شاید خود بھی نہیں سوچا ہوگا کہ وہ ایک دن کروڑوں دلوں کی دھڑکن بن جائیں گی۔
ان کے دادا چنتامن راؤ پٹوردھن سنگلی کے آخری تاجدار تھے جبکہ ان کے والد وجے سنگھ راؤ انگریز کے زمانے میں خطابی راجہ رہے۔
بھاگیہ شری نے ’کچی دھوپ‘ سیریل سے اپنے کیریئر کی ابتدا کی۔ یہ سیریل لوئیسا مے الکوٹ کے ناول ’لٹل وومن‘ پر مبنی تھا اور پھر اس کے بعد ان کی زندگی میں ایک ایسی فلم آئی جس نے انہیں راتوں رات نوجوان دلوں کی دھڑکن بنا دیا۔
سنہ 1989 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میں نے پیار کیا‘ نے نہ صرف باکس آفس کے ریکارڈ توڑ دیے بلکہ ایک نئی رومانوی روایت قائم کی۔
ہدایتکار سورج برجاٹیا اس فلم کے لیے ایک ایسی ہیروئن کی تلاش میں تھے جس کے چہرے پر معصومیت ہو، اداکاری میں بناوٹ نہ ہو اور انہیں سمن کے کردار کے لیے بھاگیہ شری مل گئیں۔
فلم میں ان کے مدمقابل ایک نووارد اداکار سلمان خان تھے۔ دونوں کی جھجھک اور تازگی نے پردۂ سیمیں پر ایک سچا اور بے ساختہ رومانس تخلیق کیا۔ فلم کا  گیت ’کبوتر جا جا جا‘ سے لے کر ’دل دیوانہ بن سجنا کے مانے ناں‘  تک ہر نغمہ اس دور کے نوجوان دلوں کی آواز بن گیا۔
فلم کی بے مثال کامیابی کے بعد بھاگیہ شری کے پاس فلموں کی قطار لگ گئی۔ لیکن اسی وقت انہوں نے ایک ایسا فیصلہ کیا جس نے سب کو حیران کر دیا۔ انہوں نے اپنے بچپن کے دوست ہمالیہ دسانی سے شادی کر لی جبکہ ان کے برعکس ان کے ساتھ آنے والے ہیرو سلمان خان ابھی تک شادی کے بندھن سے دور ہیں۔
فلمی دنیا میں اداکاراؤں کے لیے خاص طور اس طرح کا قدم اکثر کیریئر کے لیے خطرہ سمجھا جاتا ہے۔ اور ہوا بھی وہی۔ ان کے متعلق یہ افواہیں گردش کرنے لگیں کہ وہ صرف اُنہی فلموں میں کام کرنا چاہتی تھیں جن میں ان کے شوہر ہیرو ہوں۔ لیکن پھر بعد میں انہوں نے ان باتوں کی وضاحت کی اور کہا کہ ان کی اولین ترجیح ہمیشہ ان کا خاندان رہا۔

بھاگیہ شری کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہیں معروف اداکار امول پالیکر نے تلاش کیا تھا۔ فائل فوٹو

یہ فیصلہ شاید تجارتی اعتبار سے نقصان دہ تھا، مگر ذاتی زندگی میں انہیں سکون اور استحکام دے گیا۔
 پردے سے فاصلہ، مگر دلوں سے نہیں
بھاگیہ شری نے مرکزی دھارے کی بالی وڈ فلموں سے کنارہ کشی اختیار کر لی، تاہم مکمل طور پر غائب نہیں ہوئیں۔ وقتاً فوقتاً وہ علاقائی فلموں اور ٹیلی وژن پر نظر آتی رہیں۔
حال ہی میں انہوں نے تمل اور ہندی زبان میں بنی فلم ’تھلائیوی‘ میں اہم کردار ادا کیا، جس میں مرکزی کردار اداکارہ کنگنا رناوت نے نبھایا ہے۔ اسی طرح وہ فلم ’رادھے شیام‘ میں بھی نظر آئیں۔ اس فلم میں جنوبی ہند کے سپر سٹار پربھاس اہم کردار میں ہیں۔
اسی طرح سلمان خان کی سنہ 2023 میں آنے والی فلم 'کسی کا بھائی کسی کی جان' میں وہ اپنے نام کے ساتھ خصوصی طور پر شامل ہوئيں۔
انہوں نے 'میں نے پیار کیا' جیسی کامیاب فلم کے بعد کوئی تین چار ہی فلم کی اور چھوٹے بڑے کردار ملا کر ہندی میں ان کی ایک درجن سے زیادہ فلم نہیں ہے۔

بھاگیہ شری کا اصل نام بھاگیہ شری پٹوردھن ہے۔ فائل فوٹو: سکرین گریب

انہوں نے فلم کو کبھی الوداع نہیں کہا لیکن انہوں نے اپنے گھر اور اپنی زندگی کو زیادہ اہمیت دی۔ بھاگیہ شری نے ٹی وی سیریلز سے اپنی ابتدا کی تھی اور کہا جاتا ہے کہ انہیں معروف اداکار امول پالیکر نے تلاش کیا تھا۔
آج کے سوشل میڈیا دور سے بہت پہلے وہ صحت مند طرزِ زندگی اور یوگا کی حامی تھیں۔ اب بھی وہ فٹنس اور ہولسٹک ہیلتھ کے موضوعات پر سرگرم دکھائی دیتی ہیں۔
اکثر اداکار اپنی شناخت بنانے کے لیے درجنوں فلمیں کرتے ہیں، مگر بھاگیہ شری نے ایک ہی فلم سے تاریخ رقم کر دی۔ ان کی فلم ’میں نے پیار کیا‘ آج بھی کلاسک رومانوی فلموں میں شمار ہوتی ہے اور سمن کا کردار معصوم محبت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
اور شاید یہی وجہ ہے کہ بھاگیہ شری صرف ایک اداکارہ نہیں، بلکہ ایک یاد بن چکی ہیں، ایسی یاد جو وقت کے ساتھ مدھم نہیں پڑتی۔

 

شیئر: