Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم ’زخم‘ میں اپنی دادی کا کردار کرنے پر بہت ڈری ہوئی تھیں: پوجا بھٹ

فلم زخم کا آدھا مرکزی خیال مہیش بھٹ کی زندگی پر مبنی تھا (فوٹو: کوئی موئی)
بالی وُڈ کی اداکارہ پوجا بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ فلم ’زخم‘ میں اپنی دادی کا کردار ادا کرنے پر بہت ڈری ہوئی تھیں۔
 ہندوستان ٹائمز کے مطابق 1998 میں ہدایتکار مہیش بھٹ کی ریلیز ہونے والی فلم ’زخم‘ میں پوجا بھٹ نے ایک بیٹے کی ماں کا کردار ادا کیا تھا۔
اس فلم میں ان کا کردار حقیقی زندگی میں اپنی دادی شیرین نانا بھائی (شیریں محمد علی) کا تھا کیونکہ فلم کا آدھا مرکزی خیال مہیش بھٹ کی زندگی پر مبنی تھا۔
پوجا بھٹ نے اپنی دادی کا کردار ادا کرنے کے بارے میں ای ٹائمز کو انٹرویو میں بتایا کہ ’سچ بتاؤں تو میں اپنی دادی کا کردار نبھانے سے بہت ڈری ہوئی تھی، میں نے اپنے والد کو منانے کی کوشش کی وہ کسی اور اداکارہ سے یہ رول کروا لیں لیکن وہ نہ مانے۔‘
’جس پر میرے والد نے کہا کہ میں تم سے پوچھ نہیں رہا پوجا، میں تمہیں کہہ رہا ہوں کہ تم یہ کردار کرو گی، اس پر مزید بحث نہیں کی جائے گی۔‘
اداکارہ کہتی ہیں کہ ’اور باقی سب آپ کے سامنے ہے۔ اپنی دادی کا کردار کرنا میرے لیے اعزاز تھا۔ میں نے گانے میں ان کی ذاتی ساڑھی پہنی تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ وہ چیز ہے جس کے بارے میں میں ہمیشہ اپنے والد کی ممنون رہوں گی۔ فلم میں میں نے جو منگل سُوتر پہنا تھا وہ بھی میری دادی شیریں کا تھا۔ زخم میں نظر آنے والے گھر کا سیٹ اُس گھر کے طرز پر بنایا گیا تھا جس میں میرے والد بڑے ہوئے تھے۔ وہ دن اور جو وقت میں نے کونال (کونال کیمو) کے ساتھ کیمرے کے سامنے گزارے وہ میری زندگی کے سب سے یادگار دن تھے۔‘
سنہ 2019 میں ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں پوجا بھٹ نے اپنی دادی کو یاد کرتے ہوئے ٹویٹ کی تھی کہ ’15 دسمبر 1998 کے دن ہماری فلم زخم کو سینسر کیا گیا تھا۔ یہ وہ فلم تھی جس میں میں نے اپنی دادی شیریں نانا بھائی بھٹ کا کردار ادا کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ایک مسلمان خاتون جو ہر منگل کو مجھے مندر لے کر جاتی تھیں اور ہر بدھ اور جمعے کو چرچ لے کر جاتی تھیں۔‘
زخم کو فلم ناقدین نے قومی یکجہتی کی تشہیر کرنے پر پسند کیا تھا کیونکہ اس فلم کی کہانی مذہبی سیاست کے نام پر معاشرے میں پیدا ہونی والی تفرقہ بازی کو اُجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں میں ممکنہ بھائی چارے کو فروغ دیتی ہے۔
اس فلم کی کاسٹ میں پوجا بھٹ کے ساتھ ناگ ارجنا، اجے دیوگن، سونالی بِندرے اور کونال کیمو شامل تھے۔

شیئر: