Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈونیشیا کے سٹیڈیم میں بھگدڑ، پولیس افسر کو قید کی سزا

پولیس کی جانب سے آنسو گیس فائر کرنے پر بھگدڑ مچ گئی تھی۔ فوٹو: روئٹرز

انڈونیشیا کی عدالت نے فٹبال میچ کے دوران بھگدڑ اور ہلاکتوں کے معاملے پر ایک پولیس افسر کو 18 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حسدرماون نامی پولیس افسر ایسٹ جاوا پولیس کی موبائل بریگیڈ یونٹ کے کمانڈر کے طور پر تعینات تھے جب شائقین نے پِچ پر حملہ کیا۔

گزشتہ سال اکتوبر میں مشرقی شہر ملنگ کے کنجوروہان سٹیڈیم میں ہونے والے فٹبال میچ کے دوران اریما ایف سی ٹیم کے ہارنے پر حامیوں نے گراؤنڈ پر دھاوا بول دیا تھا۔ جس کے بعد پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور سٹیڈیم میں بھگدڑ مچ گئی۔

فٹبال کی تاریخ میں بدترین سٹیڈیم حادثات میں شمار ہونے والے اس واقعے میں بچوں سمیت 174 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

بینچ کی سربراہی کرنے والے جج ابو اچمند امسیا نے عدالت کو بتایا کہ پولیس افسر حسدرماون ’حالات بھانپنے میں ناکام رہے جن کا اندازہ لگانا کافی آسان تھا اور حامیوں کی جانب سے ہونے والے تشدد  کے جواب میں آنسو گیس کے شیل فائر نہ کرنے کا آپشن موجود تھا۔‘

ایک اور پولیس افسر بمبانگ اچمندی پر بھی الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے ماتحت اہلکاروں کو آنسو گیس فائر کرنے کا حکم دیا تھا تاہم عدالت نے انہیں مجرم نہیں قرار دیا۔

عدالت نے کہا کہ الزامات ثابت نہ ہونے کی بنیاد پر انہیں بری کیا جاتا ہے۔


عدالت نے میچ آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ کو بھی 18 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ فوٹو: روئٹرز

اس سے قبل پولیس افسر حسدرماون نے انکار کیا تھا کہ انہوں نے موقعے پر موجود اپنے ماتحت اہلکاروں کو آنسو گیس فائر کرنے کے احکامات جاری نہیں کیے تھے۔

حسدرماون کے پاس عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لیے سات دنوں تک کا وقت موجود ہے۔

گزشتہ ہفتے عدالت نے میچ آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ عبدالحارث کو 18 ماہ جبکہ سکیورٹی افسر سوکو ستریسنو کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے سٹیڈیم کو فیفا کے معیار کے مطابق دوبارہ تعمیر کروانے کا وعدہ کیا تھا۔

تحقیات کرنے والی ٹاسک فورس نے انڈونیشیا کی فٹبال ایسوسی ایشن کے سربراہ اور ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام اراکین کو مستعفی ہونے کا کہا ہے تاہم انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

شیئر: