Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واشنگٹن کے فٹنس سینٹر میں فائرنگ، ’متعدد افراد‘ گولیاں لگنے سے زخمی

متعدد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو موقع پر پہنچتے دیکھا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس سے تقریباً ایک میل کے فاصلے پر واقع علاقے میں جمعرات کو فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی شروع کر دی، جبکہ ایک مقامی عہدیدار کے مطابق ایک فٹنس سینٹر میں ’متعدد افراد‘ کو گولیاں لگی ہیں۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق واشنگٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ایمرجنسی رسپانس ٹیم لوگن سرکل کے علاقے میں ہونے والی فائرنگ کے واقعے پر موجود ہے۔
ڈی سی سٹی کونسل کی رکن بروک پنٹو نے کہا کہ فائرنگ فٹنس سینٹر کے اندر اور اس کے باہر ہوئی اور اس کے نتیجے میں ’متعدد افراد‘ گولیوں کا نشانہ بنے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس ایک مشتبہ حملہ آور کی تلاش کر رہی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فائرنگ کے مقام سے دور رہیں۔ یہ واقعہ صبح کے مصروف اوقات میں پیش آیا جس کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔
متعدد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو موقع پر پہنچتے دیکھا گیا۔
واشنگٹن سن سے گفتگو کرتے ہوئے وی آئی ڈی اے فٹنس جم کے ایک رکن نے بتایا کہ فائرنگ کے وقت وہ جم میں ٹریڈ مل پر ورزش کر رہے تھے۔
مائیکل کارنی نے کہا کہ انہوں نے پہلے ایک ’دھماکے جیسی آواز‘ سنی اور پھر ایک شخص کو جم کے فرش پر دیکھا جس کے سر میں گولی لگی ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’ہر شخص گملوں اور دوسری چیزوں کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہا تھا۔‘

 

شیئر: