Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا، آسٹریلیا میچ کے لیے ٹکٹ خریدنے والوں میں بھگدڑ

انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان حیدرآباد میں میچ 25 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے شہر حیدرآباد میں آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان ٹی20 میچ کے ٹکٹ خریدنے کے موقع پر بھگدڑ مچنے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق بھگدڑ مچنے کا یہ واقعہ جمعرات کو جم خانہ گراؤنڈ میں پیش آیا جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگ 25 ستمبر کو ہونے والے ٹی20 میچ کے ٹکٹ خریدنے کے لیے جمع تھے۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے چار افراد میں دو خواتین بھی شامل ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد دے کر گھر بھیج دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بارش ہوتے ہی گراؤنڈ کے باہر جمع لوگ جلدبازی میں ٹکٹ کاؤنٹر کی طرف بھاگے جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو گراؤنڈ کے باہر تقریباً 15 ہزار افراد جمع تھے۔ ایسی اطلاعات بھی سامنے آئیں کے میچ کے ٹکٹ بلیک میں بیچے جارہے ہیں۔
تلنگانہ کے وزیر برائے کھیل وی سری نواس کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’غیر قانونی طور پر ٹکٹ بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔’
خیال رہے کہ حیدرآباد میں تقریباً دو سال کے بعد بین الاقوامی ٹی20 میچ کھیلا جارہا ہے۔

شیئر: