Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں اتوار تک متعدد علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان

نشیبی مقامات پرسیلابی کیفیت پیدا ہونے کا بھی امکان ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
قومی مرکز برائے موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بروز جمعہ مملکت کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پرژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
موسمیاتی ادارے کی جانب سے جاری رپورٹ میں مزید کہا گیاہے کہ مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ،نجران ، عسیر جازان ، ریاض ، مشرقی ریجن اورالباحہ میں متوقعہ بارش رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
مکہ ریجن میں جمعہ کی شب 10 بجے تک وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے جس سے نشیبی مقامات پرسیلابی کیفیت بھی پیدا ہوسکتی ہے جبکہ موسلا دھاربارش اورژالہ باری کے باعث حد نگاہ بھی متاثر ہوگی۔
الخرمہ ، المویہ ، تربہ ، رنیہ ، اضم، میسان کمشنریوں میں جمعہ کے روز سے شروع ہونے والی بارش اورتیزہواوں کا سلسلہ سنیچر تک رہے گا۔
مدینہ منورہ ریجن کے علاقے الحناکیہ اورالمھد میں بارش جمعہ کی شام 6 بجے تک جاری رہے گی جبکہ بعض مقامات پرتیز ہوا کے ساتھ گردوغبار بھی رہے گا۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ نجران ریجن میں تیز ہوا اورگردوغبار کے بادل چھائے رہیں گے جبکہ بدر الجنوب ، ثار، حبونا ، خباش ، نجران ، یدمہ ، الخرخیر، شرورہ کمشنریوں میں جمعہ کی صبح سے شروع ہونے والی بارش رات گئے تک جاری رہے گی بعض مقامات پرتیز بارش اورژالہ باری کے باعث سیلابی کیفیت پیدا ہونے کی بھی توقع ہے۔
عسیرریجن کے علاقے ابھا ، النماص ، بلقرن ، تنومہ ، سراۃ عبیدہ میں گہری دھند چھائی رہے گی جبکہ المجاردہ ، بارق ، رجال المع، محایل ، البرک، القحمہ ، العرین ، بیشہ ، تثلیث ، طریف ، النماص ، بلقرن ، تنومہ ، ابھا ، احدرفیدہ ، الحرجہ ، الربوعہ ، خمیس مشیط ، سراۃ عبیدہ ، ظھران الجنوب میں بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا۔
جازان ریجن کے علاقے بھی بارش کی لپیٹ میں رہیں گے کہیں ہلکی جبکہ بعض مقامات پرتیز بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا۔

مکہ ریجن میں بارش کا سلسلہ جمعہ کی شب تک جاری رہے گا(فوٹو، ایس پی اے)

موسمیاتی مرکز کا کہنا ہے کہ ریاض ریجن میں ہلکی اوردرمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے جوکچھ دیر رہے گی جبکہ الدوادمی ، لرین ، القویعیہ ، عفیف ، الافلاج ، السلیل ، وادی الدواسر میں ہونے والی بارش سنیچرتک جاری رہے گی۔
دریں اثنا سعودی خبررسا ں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے شہری دفاع کے حوالے سے کہا ہے کہ مملکت کے متعدد علاقوں میں بارش کاسلسلہ آئندہ اتوار تک جاری رہے گا۔
شہری دفاع کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ مکہ ریجن میں شروع ہونے والی بارش کے باعث بعض وادیاں اورنشیبی علاقےسیلاب کی زد میں بھی آسکتے ہیں۔
سیلاب سے بچاو کے لیے شہری دفاع نے ہدایت کی ہے کہ نشیبی مقامات اورسیلابی ریلے کی گزرگاہوں سے دوررہا جائے، ندی نالوں کو جب وہاں پانی کا بہاو تیز ہو قطعی طورپرعبورکرنے کی کوشش نہ کریں اورموسمی حالات سے باخبررہتے ہوئے متعلقہ ادارے کی ہدایات پرعمل کریں۔

شیئر: