Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کی برطانوی وزیر اینڈریو مچل سے ملاقات

افریقہ میں امدادی اور انسانی امور سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے لندن میں برطانوی وزیر مملکت برائے ترقی و افریقہ اینڈریو مچل سے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ ملاقات سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان اعلیٰ سطحی سٹریٹجک امداد کے حوالے سے ہونے والی بات چیت کے موقع پر ہوئی۔
فریقین نے افریقہ میں امدادی اور انسانی امور سے متعلق باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی عرب اور برطانیہ نے ضرورت مندوں اور متاثرہ گروہوں کی خدمت کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے مالیاتی شعبے نے عطیات میں آسانی پیدا کرنے اور انسانی امداد کو بڑھانے کے لیے نئے میکانزم تیار کرنے کی کوشش میں عرب نیشنل بینک کے ساتھ بینک کے کسٹمر لائلٹی پوائنٹس کو مالی عطیات میں تبدیل کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے  دو ہزار 208  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر 6  بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام 341 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 229 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔

شیئر: