Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گندی سیاست کا حصہ نہ بنائیں،‘ شاہد آفریدی کی عمران خان سے متعلق بیان کی تردید

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی سیاست کا حصہ نہیں ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے متعلق ان کے نام سے سوشل میڈیا پر چلنے والے ایک بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مجھے اس گندی سیاست کا حصہ نہ بنائیں۔‘
خیال رہے گذشتہ روز سے شاہد آفریدی کے نام سے منسوب ایک بیان سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے عمران خان کو گرفتاری دینے کا مشورہ دیا ہے۔
اتوار کو سوشل میڈیا پر جاری ایک تردیدی بیان میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’کل سے سوشل میڈیا پر جو میرے نام سے ایک بیان عمران بھائی سے متعلق چل رہا ہے، بہت ہی افسوس کی بات ہے۔ جو بھی یہ کر رہا ہے وہ بہت ہی گندی سیاست کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘
انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں مزید کہا کہ ’میں اس سیاست میں نہ پڑنا چاہتا ہوں اور نہ اس کا حصہ ہوں اور مجھ میں اتنی ہمت ہے کہ اگر مجھے کچھ کہنا ہوتا ہے تو میں خود سے کہہ سکتا ہوں۔‘
شاہد آفریدی نے ان کا جعلی بیان پھیلانے والوں کو مخاطب کر کے کہا کہ وہ انہیں بتائیں کہ عمران خان سے متعلق یہ بیان انہوں نے کہاں جاری کیا ہے۔
اپنے بیان میں ’بوم بوم‘ کے نام سے مشہور سابق کرکٹر نے کہا کہ ’برائے مہربانی مجھے اس گندی سیاست کا حصہ نہ بنائیں۔ آپ لوگوں کو آپ کی سیاست مبارک ہو۔‘
واضح رہے گذشتہ روز عمران خان توشہ خانہ کیس میں عدالت کے سامنے حاضری کے لیے لاہور سے اسلام آباد پہنچے تھے لیکن ان کی آمد کے بعد جوڈیشل کامپلیکس کے باہر پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والے تصادم کے سبب انہیں گاڑی میں ہی حاضری لگا کر واپس جانے کی اجازت مل گئی تھی۔
اس سے قبل عدالت میں غیر حاضری کی وجہ سے سابق وزیراعظم کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے اور اس دوران پولیس کی جانب سے ان کو گرفتار کرنے کی کوشش میں لاہور کے زمان پارک کے باہر بھی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے مناظر دیکھنے میں آئے تھے۔

شیئر: