Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے کون سے علاقے جمعے سے پیر تک بارش اور گرد آلود ہواؤں سے متاثر رہیں گے؟

ینبع، جدہ، رابغ میں سنیچر اور اتوار کو گرد آلود تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ جمعے سے لے کر پیر تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کےساتھ بارش ہوگی۔ 
اخبار  24 اور سبق ویب سائٹس کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ عسیر، باحہ،  جازان اور نجران ریجنوں میں جمعے کو بارش ہوگی جبکہ اتوار اور پیر کو مذکورہ مقامات پر بارش میں تیزی آجائے گی۔ 
قومی مرکزکا کہنا ہے کہ سنیچر سے پیر تک ریاض، قصیم، الشرقیہ اور حدود شمالیہ ریجنوں میں بارش ہوگی۔ 
قومی مرکزنے توجہ دلائی ہے کہ سنیچر اور اتوار کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، حائل ، تبوک ، الجوف اور حدود شمالیہ ریجنوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی شروعات  درمیانے درجے سے ہوگی جو  بعد میں موسلا دھار میں تبدیل ہوگی۔ بارش کے ساتھ تیزہوائیں بھی چلیں گی اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ بارش سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ 
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ سنیچر اور اتوار کو الوجہ، ضبا، املج، نیوم اور شرما تبوک میں گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی شروع ہوگی اور پھر درمیانے درجے کی بارش کا سلسلہ ہوگا۔ علاوہ ازیں ینبع، بدر، جدہ اور رابغ کمشنریوں میں سنیچر اور اتوار کو گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی سے لے کر درمیانے درجے تک کی بارش کا امکان ہے۔ 
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مشرقی تبوک، مشرقی مکہ مکرمہ، مشرقی مدینہ منورہ، حائل، حدودشمالیہ، الجوف، ریاض، قصیم اورالشرقیہ کے شمالی علاقوں میں جمعے کو گرد آلود آندھی چلے گی۔ سنیچر اور اتوار کو اس میں شدت پیدا ہو جائے گی۔ 
طقس العرب کے مطابق شام میں متعدد مقامات پر اتوار کو بارش کا امکان ہے۔ مصر کے بیشتر علاقوں میں بھی بارش کی توقعات ہیں۔ عراق، کویت میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے آثار نظر آرہے ہیں۔ 27 اور  28 مارچ کو خلیج عرب کے ساحلی علاقوں  خصوصا سعودی عرب کے مشرقی مقامات، کویت، بحرین اور قطر میں موسم غیر مستحکم ہوگا۔ امارات اور سلطنت عمان کے مختلف علاقے بھی غیر مستحکم موسم کی زد میں ہوں گے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: