Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر عارف علوی اپنے آئینی دائرے اور اوقات میں رہیں: رانا ثنااللہ

رانا ثناللہ نے کہا کہ صدر عمران خان کو خط لکھیں کہ 19 کروڑ پاؤنڈ پاکستان کو واپس کریں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے صدر عارف علوی کے وزیراعظم شہباز شریف کے نام خط کے جواب میں کہا ہے کہ ’صدر اپنے آئینی دائرے اور اوقات میں رہیں۔‘
جمعے کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق رانا ثنااللہ نے کہا کہ صدر عمران خان سے دہشت گردی کرنے کا جواب لیں اور ان کے حکم پر ’کٹھ پتلی‘ نہ بنیں۔
’آئین اور قانون شکن آئینی عہدے پر مسلط ہے۔ کلمے پڑھتے ہوئے سیاسی مخالفین پہ 15 کلو ہیروئن ڈال دی تھی، اُس وقت انسانی حقوق کہاں تھے۔‘
واضح رہے کہ صدر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط میں لکھا ہے کہ ’وزیراعظم متعلقہ حکام کو بروقت انتخابات کرانے میں الیکشن کمیشن کی معاونت کی ہدایت کریں۔‘
ایوان صدر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق خط میں صدر نے کہا کہ ’توہین عدالت سمیت مزید پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے وزیراعظم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ حکام کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مقررہ وقت میں عام انتخابات کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کی ہدایت کریں۔‘

رانا ثنااللہ نے کہا کہ ’کلمے پڑھتے ہوئے سیاسی مخالفین پہ 15 کلو ہیروئن ڈال دی تھی، اُس وقت انسانی حقوق کہاں تھے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کیا اپوزیشن لیڈر کو سزائے موت کی چکی میں انسانی حقوق کے مطابق ڈالا تھا۔
’صحافیوں کی ہڈیاں پسلیاں توڑیں، اس وقت انسانی حقوق کہاں تھے؟ پولیس کے سر کھولنے، پیٹرول بم، گولیاں، غلیلیں انسانی حقوق کے مطابق چلائیں؟‘
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ صدر عمران خان کو خط لکھیں کہ 19 کروڑ پاؤنڈ پاکستان کو واپس کریں، عمران کو خط لکھیں کہ ٹیئرین خان کو قبول کریں وہ سب حقوق کی خلاف ورزی ہے، عمران خان کو خط لکھیں کہ توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کا عدالت میں جواب دیں۔

شیئر: