Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان جوڈیشل سسٹم کو عاجز کرنا چاہتے ہیں: رانا ثنااللہ

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ریاست، عدلیہ اور پولیس کی رٹ چیلنج ہو گی تو ملک میں خانہ جنگی ہو گی۔ (فوٹو: اے پی پی)
وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے دور حکومت میں منی لانڈرنگ کے تحت لوگوں پر مقدمات قائم رہے تھے تو اس وقت فرح گوگی ’بیرون ملک اربوں روپے‘ بھیج رہی تھیں۔
اتوار کو فیصل آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے فرح گوگی پر الزام عائد کیا کہ ’اس نے جو 12 ارب روپے لوٹے ہیں اور پوسٹنگز اور ٹرانسفرز میں ان کا ہاتھ رہا ہے۔‘
’یہ سارے پیسے بنکنگ ٹرانزیکشنز تھیں اور اب آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو کوئی پوچھے نہ۔ آپ نے جو توشہ خانے میں چوریاں کی ہیں اس پر کوئی آپ پر مقدمہ نہ چلے۔ اور اگر کوئی عدالت مقدمہ چلائے گی تو آپ اسی طرح جتھے لے کر جائیں گے۔ اور وہاں ایسا ماحول پیدا کریں گے کہ آپ کو عدالت میں پیش نہ کیا جا سکے، یا آپ کو بہانہ یا سہولت ملے کہ سٹرک کے اوپر آپ کی حاضری لگ جائے۔ ‘
رانا ثنااللہ نے کہا کہ اگر عمران خان کی حاضری سٹرک پر لگنی ہے تو یہ موٹر وے پر لگ جانی چاہیے۔ یا جب یہ زمان پارک سے نکلے تھے تو وہی سے اپنی حاضری لگوا دیتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کا جو جوڈیشل سسٹم ہے اس کو ’عاجز کرنے کے لیے‘ یہ ہتھکنڈے اپنا رہے ہیں۔

’عمران خان سیاست دان نہیں دہشت گرد ہیں‘

قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’عمران خان سیاستدان نہیں دہشت گرد ہے جبکہ زمان پارک دہشت گردوں کا مورچہ اور پٹرول بموں کی لیبارٹری ہے۔‘

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت دن رات عمران خان کا ڈالا ہوا معاشی گند صاف کر رہی ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ریاست، عدلیہ اور پولیس کی رٹ چیلنج ہو گی تو ملک میں خانہ جنگی ہو گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت دن رات عمران خان کا ڈالا ہوا معاشی گند صاف کر رہی ہے، حکومت نے عمران خان کے دستخط کردہ آئی ایم ایف پروگرام کی سخت شرائط پر دوبارہ بات چیت شروع کی۔
انہوں نے کہا اگر ہم نے عمران خان کو گرفتار کرنا ہوتا تو ہمارے پاس اختیار بھی تھا، ریاستی طاقت بھی، ہم کب کے اسے گرفتار کر چکے ہوتے۔ اس شخص کو عدالت طلب کر رہی ہے اور یہ پیش نہیں ہو رہا، یہ شخص انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے کیونکہ اس کے پاس توشہ خانہ، ٹیریان اور ممنوعہ فنڈنگ کیسز میں کوئی جواب نہیں اس لیے یہ ملک میں آگ لگانا چاہتا ہے۔

شیئر: