Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مریم نواز کے اثاثوں کی مالیت کتنی ہے اور کس کی مقروض ہیں؟

دستاویزات کے مطابق مریم نواز کے پاس کوئی گاڑی نہیں۔ (فوٹو: مسلم لیگ ن ٹوئٹر)
پاکستان مسلم لیگ نواز کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے صوبہ پنجاب کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کروائے اور الیکشن کمیشن میں اپنے ٹیکس گوشوارے بھی جمع کروائے ہیں۔
الیکشن کمیشن جمع کروائے گئے مریم نواز کے گوشواروں کے مطابق وہ مجموعی طور پر 84 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کی مالک ہیں۔
مزید پڑھیں
دستاویزات کے مطابق اس کے علاوہ ان کی ذاتی ملکیت میں کوئی گاڑی بھی نہیں ہے۔
مریم نواز کے مالی اثاثوں کی تفصیلات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ان کے مطابق مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مقروض بھی ہیں اور ان کے ذمہ واجب الادا قرضے کی کل مالیت 2 کروڑ 89 لاکھ روپے ہے۔ انہوں نے یہ قرض اپنے بھائی حسن نواز سے  لے رکھا ہے۔
جبکہ انہی دستاویزات میں یہ بھی درج ہے کہ مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر بھی اپنے دوستوں کے چھ کروڑ روپے کے مقروض ہیں۔  
مریم نواز نے اپنے مالی اثاثوں کی تفصیلات اپنے کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کروائی تھیں۔ انہوں نے پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے چار حلقوں میں کاغذات نامزدگی جمع کروا رکھے ہیں۔ جبکہ چاروں حلقوں سے ان کے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔
تاہم الیکشن کمیشن نے 30 اپریل کو ہونے والے پنجاب کے عام انتخابات ملتوی کر دیے ہیں اور اب نئی تاریخ کے مطابق یہ انتخابات آٹھ اکتوبر کو ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کے اکثریتی امیدواروں نے الیکشن کمیشن کے پہلے شیڈول کے مطابق اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے تھے۔ تمام امیدواروں کو اپنے کاغذات نامزدگی کے ساتھ اپنے مالی اثاثوں کی مصدقہ تفصیلات جمع کروانی ہوتی ہیں۔ مریم نواز کی جانب سے چاروں حلقوں میں جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی میں انہوں نے اپنے مالی اثاثے پوری تفصیل کے ساتھ جمع کروائے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق مریم نواز رائیونڈ کے علاقے میں ایک ہزار چار سو کنال سے زائد اراضی کی مالک ہیں تاہم ان کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں ہے۔

 مریم نواز نے کاغذات نامزدگی میں تعلیمی قابلیت ایم اے انگلش لٹریچر ظاہر کی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

گذشتہ تین برس میں مریم نواز نے ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کمائے ہیں اور یہ ان کی زرعی اجناس سے حاصل ہونے والی آمدن ہے۔ جبکہ انہی گوشواروں کے مطابق مریم نواز نے تین برس میں زرعی اراضی سے حاصل ہونے والی آمدن پر 12 لاکھ روپے ٹیکس بھی ادا کیا ہے۔
مریم نواز کے اثاثوں کی مزید تفصیل کے مطابق انہوں نے حدیبیہ پیپر ملز میں 54 لاکھ 69 ہزار روپے  کے شیئرز خرید رکھے ہیں اسی طرح وہ محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں 48 لاکھ 21 ہزار روپے کی شیئر ہولڈر ہیں۔
اسی طرح کپڑے کے کاروبار میں مریم نواز کے حمزہ سپننگ ملز میں 16 لاکھ اور پولٹری کے کاروبار میں جنید پولٹری فارمز میں 90 ہزار روپے مالیت کے شیئرز ہیں۔  
نقد رقم کی تفصیلات کے مطابق ان کے بینک اکاؤنٹس میں اس وقت 78 لاکھ روپے کی رقم موجود ہے۔ مریم نواز نے کاغذات نامزدگی میں تعلیمی قابلیت ایم اے انگلش لٹریچر ظاہر کی ہے۔

شیئر: