شاہ سلمان مرکز کی بنگلہ دیش سمیت کئی ممالک میں امدادی سرگرمیاں جاری
شاہ سلمان مرکز کی بنگلہ دیش سمیت کئی ممالک میں امدادی سرگرمیاں جاری
جمعہ 31 مارچ 2023 21:34
بنگلہ دیش کے تین علاقوں میں 12 ٹن خوراک کی امداد تقسیم کی گئی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی موریطانیہ، جنوبی افریقہ، تاجکستان، نائیجریا، انڈونیشیا، البانیہ، کوسوو، یمن اور بنگلہ دیش میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے موریطانیہ، جنوبی افریقہ اور تاجکستان میں رمضان فوڈ پیکجز کی تقسیم کے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔
اس سکیم سے موریطانیہ میں 134 ٹن سے زیادہ خوراک، جنوبی افریقہ میں 222 ٹن اور تاجکستان میں 192 ٹن خوراک تقسیم کرکے ہزاروں خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔
شاہ سلمان مرکز نے نائیجیریا میں تقریباً 12 ٹن اور انڈونیشیا میں 3 ٹن سے زیادہ خوراک کی امداد تقسیم کی۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے حالیہ دنوں بنگلہ دیش کے تین علاقوں میں 12 ٹن خوراک کی امداد تقسیم کی جس سے 500 خاندانوں کے تین ہزار افراد مستفید ہوئے۔
شاہ سلمان مرکز نے امدادی منصوبے 2023 کے حصے کے طور پر البانیہ میں خوراک کی امداد کی تقسیم کو جاری رکھا۔
شاہ سلمان مرکز نے کوسوو کے شہرمالیشیوا میں پانچ ٹن اور 600 کلو گرام رمضان فوڈ باسکٹس بھی تقسیم کیں جس سے ضرورت مند ترین گروپوں کے 100 خاندانوں کو فائدہ پہنچا۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے آپریشنز اور پروگرام کے اسسٹنٹ سپروائزر جنرل احمد البیز نے یمن کے الجوف ریجن کے گورنر میجر جنرل حسین العجی العواضی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فریقین نے انسانی ہمدردی اور امدادی سرگرمیوں اور یمن میں لاگو سعودی منصوبوں کی ترقی سے متعلق مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی ایجنسی نے موریطانیہ میں 134 ٹن سے زیادہ خوراک تقسیم کی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
حسین العجی العواضی نے مملکت کی طرف سے ضرورت مند ممالک کو فراہم کی جانے والی انسانی امداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس امداد نے یمنی عوام کے مصائب کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے دو ہزار 208 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 6 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام 341 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 229 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔