Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کی دفاعی برآمدات میں 10 گُنا اضافہ، سالانہ فروخت 15 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ

پچھلے مالیاتی سال میں انڈیا نے 12 ہزار 814 کروڑ روپے کا دفاعی سامان بیرون ملک فروخت کیا تھا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ 23-2022 کے مالی سال میں انڈیا نے بیرون ملک 15 ہزار 920 کروڑ روپے کا دفاعی ساز و سامان فروخت کیا ہے۔
سنیچر کو ایک ٹویٹ میں راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کی دفاعی برآمدات مالی سال 23-2022 میں تاریخ کی بلند ترین شرح پر رہیں جو کہ 15 ہزار 920 کروڑ روپے تھی۔‘
انڈیا کے وزیر دفاع کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کے گذشتہ چھ سالوں میں دفاع ساز و سامان کی برآمدات میں 10 گُنا اضافہ ہوا ہے۔
پچھلے مالیاتی سال میں انڈیا نے 12 ہزار 814 کروڑ روپے کا دفاعی سامان بیرون ملک فروخت کیا تھا۔
راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ ’وزیراعظم نریندر مودی کی متاثر کُن قیادت میں انڈیا کی دفاعی برآمدات بڑھنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پچھلے چند سالوں میں دفاعی سیکٹر میں لائی جانے والی اصلاحات کا اچھا نتیجہ سامنے آرہا ہے۔ ہماری حکومت انڈیا کو دفاعی ساز و سامان بنانے کا مرکز بنانے والی ہر کوشش کی حمایت کرے گی۔‘
واضح رہے انڈین حکومت نے مالیاتی سال 25-2024 میں انڈیا کی دفاعی ساز و سامان کی برآمدات 35 ہزار کروڑ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہوا ہے۔

شیئر: