’شادی کرنے کا مطالبہ‘، خاتون سوشل میڈیا انفلوئنسر کے گھر زبردستی گُھسنے والا مداح اہلِ خانہ کے تشدد سے ہلاک
’شادی کرنے کا مطالبہ‘، خاتون سوشل میڈیا انفلوئنسر کے گھر زبردستی گُھسنے والا مداح اہلِ خانہ کے تشدد سے ہلاک
جمعہ 20 نومبر 2026 17:23
سوشل میڈیا انفلوئنسر نیہا بِشت کے انسٹاگرام پر چھ لاکھ سے زائد فالوورز ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)
انڈیا کے شہر چنئی میں ملازمت کرنے والا ایک شخص دہلی پہنچا اور ایک خاتون سوشل میڈیا انفلوئنسر کے گھر میں زبردستی گُھس گیا۔ اُس کا اصرار تھا کہ خاتون انفلوئنسر اُس سے شادی کرے۔ اِس حرکت پر مشتعل ہو کر خاتون کے اہلِ خانہ نے اِس پر شدید تشدد کیا، جس کے نتیجے میں وہ ایک ہفتے بعد دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ پولیس نے اب خاتون انفلوئنسر کے والد اور ایک پڑوسی کو گرفتار کر لیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا انفلوئنسر نیہا بِشت کے انسٹاگرام پر چھ لاکھ سے زائد فالوورز ہیں اور ان کی ہر ریل کو لاکھوں افراد دیکھتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں وہ انسٹاگرام اور یوٹیوب پر اپنی منگنی کی ویڈیوز اور جلد ہونے والی شادی سے متعلق مواد پوسٹ کر رہی تھیں۔
اترپردیش کے ضلع غازی ضلع غازی پور کا رہائشی ابھینو چنئی کی ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا، وہ 7 نومبر کو مشرقی دہلی کے علاقے مدھو وہار میں واقع نیہا بِشت کے گھر میں زبردستی داخل ہو گیا۔ اُس وقت نیہا گھر پر موجود تھیں۔ ابھینو نے مطالبہ کیا کہ وہ اُس سے شادی کریں۔ ایک روز بعد درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق، اُس کے منہ سے شراب کی بو آ رہی تھی۔
ابھینو کی اِس حرکت پر مشتعل ہو کر نیہا کے اہلِ خانہ اور چند پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دینے سے پہلے اُس پر شدید تشدد کیا۔
جب پولیس اہلکار اُن کے گھر پہنچے تو اُنہوں نے ابھینو کو زخمی حالت میں دیکھا، اُس کی کمر اور دائیں پاؤں پر شدید چوٹیں آئی ہوئی تھیں۔ اُسے راجیو گاندھی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ 15 نومبر کو دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
بعد ازاں تفتیش سے معلوم ہوا کہ ابھینو باقاعدگی سے نیہا بِشت کا سوشل میڈیا مواد دیکھا کرتا تھا اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اُس کے دل میں نیہا کے لیے یک طرفہ جذبات پیدا ہو گئے تھے۔ وہ چند ماہ قبل بھی مداح کی حیثیت سے اُن کے گھر آ چکا تھا۔
پولیس کے مطابق، ابھینو نیہا کی کسی دوسرے شخص سے ہونے والی شادی کے باعث پریشان تھا، جب کہ نیہا کو سرے سے یہ معلوم ہی نہیں تھا کہ ابھینو کون ہے۔
پولیس کی تفتیش سے یہ معلوم ہوا کہ ابھینو باقاعدگی سے نیہا بِشت کا سوشل میڈیا مواد دیکھا کرتا تھا (فائل فوٹو: دی ہندو)
پولیس نے اب اِس واقعے کا مقدمہ غیر ارادی قتل کی دفعات کے تحت درج کر لیا ہے اور سوشل میڈیا کانٹینٹ تخلیق کرنے والی خاتون کے والد وریندر بِشت اور ایک پڑوسی کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعے کی جگہ پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اس معاملے میں دیگر مشتبہ افراد کی شناخت کی جا سکے۔
ایک پولیس اہل کار نے بتایا کہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔