Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے عرب امارات کے سفیر کی ملاقات

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ فوٹو: سینیٹ سیکریٹریٹ
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی ہے۔
سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے گزشتہ پانچ دہائیوں سے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ اقدار اور ثقافت سے جڑے ہوئے ہیں۔
’پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘
ملاقات میں عرب امارات اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ابھی بھی معاشی تعاون کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔‘
اس موقع پر عرب امارات کے سفیر نے موجودہ دور حکومت میں شروع کی گئی پاکستان کی ترقی پر مبنی اقتصادی پالیسیوں کو سراہا۔
چیئرمین سینیٹ نے یو اے ای کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے امارات کے برادر عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
’پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘
بیان کے مطابق ملاقات میں اقتصادی سفارت کاری اور سرمایہ کاری میں نئی ​​راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو موجودہ سطح سے مزید بڑھایا جا سکتا ہے اور قابل تجدید توانائی، تجارتی، صنعتی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔‘
صادق سنجرانی نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے امداد اور ایف اے ٹی ایف اور آئی ایم ایف کے معاملات میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

شیئر: