Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملٹی انٹری خروج عودہ کی فیس کتنی، کیسے جاری کرائیں؟

وزٹ ویزے کی توسیع جوازات کے ذریعے کرائی جاتی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں وزٹ ویزے دوطرح کے جاری کیے جاتے ہیں۔ سنگل انٹری ویزے کی انتہائی مدت 6 ماہ جبکہ ملٹی انٹری ویزے ایک برس کے لیے کارآمد ہوتے ہیں۔
امیگریشن قوانین کے مطابق یہ لازمی ہے کہ وزٹ ویزے پرآنے والے وقت مقررہ پرمملکت سے نکل جائیں بصورت دیگر ان کے خلاف ویزا ایکسپائری کی خلاف ورزی درج کی جاتی ہے۔
جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’ ملٹی انٹری خروج عودہ ویزے کی فیس کتنی ہے اور کتنی مدت کےلیے کارآمد ہوتا ہے؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ ملٹی انٹری خروج وعودہ ابتدائی طورپر تین ماہ کے لیے جاری ہوتا ہے اس دوران متعدد باراسے استعمال کیاجاسکتا ہے‘۔ 
تین ماہ کےلیے جاری ہونے والے خروج وعودہ کی ابتدائی فیس 500 ریال ہوتی ہے بعدازاں ہر اضافی ماہ کےلیے 200 ریال کے حساب سے فیس جمع کرائی جاتی ہے‘۔ 
خیال رہے ملٹی ایگزٹ ری انٹری ویزا اقامہ کی انتہائی مدت تک کےلیے جاری کرایا جاسکتا  ہے تاہم اسے جاری کرانے وقت ہی مدت کا تعین کیاجانا چاہئے۔ 
ملٹی ایگزٹ ری انٹری ویزا جاری کراتے وقت مدت کا تعین کرنے کے بعد مطلوبہ مدت کی فیس جمع کرانا ضروری ہے مثال کے طورپرابتدائی مدت جوکہ تین ماہ ہوتی ہے۔
اگر اضافی 5 ماہ کے لیے ویزا جاری کرانا مقصود ہو تو مجموعی طورپر 8 ماہ ہوجاتے  ہیں جن میں سے ابتدائی تین ماہ کی فیس 500 ریال بعدازاں اضافی 5 ماہ کے لیے 200 ریال ماہانہ کی بنیاد پر 1000 ریال اس طرح آٹھ ماہ کے لیے 1500 ریال فیس جمع کرانا ہوگی۔
سنگل ری انٹری ویزے کی ابتدائی فیس 200 ریال ہے جو کہ دو ماہ کےلیے جاری کیاجاتا ہے۔ سنگل خروج وعودہ ویزے کےلیے اضافی مدت کے ہرایک ماہ کےلیے اضافی 100 ریال ادا کرنا ہوتاہے۔ اس کےلیے بھی ضروری ہے کہ ویزا جاری کرانے سےقبل مدت کا تعین کیاجائے بعدازاں مطلوبہ مدت کے مطابق فیس جمع کرائی جائے۔

 اہلیہ کے وزٹ ویزi کے لیے اقامہ کارآمد ہونا ضروری ہے (فوٹو: عاجل)

اگر 6 ماہ کےلیے خروج وعوہ درکار ہواس صورت میں مجموعی طور پر600  ریال فیس جمع کرانا ہوگی۔ 
سنگل ری انٹری ویزا اگر 6 ماہ کے لیے جاری کرایا گیا ہو اور دوماہ بعد ہی واپس آجائیں اس صورت میں جمع کرائی گئی اضافی 4 ماہ کی فیس ناقابل واپسی ہوتی اورویزا بھی کارآمد نہیں رہتا۔ 
وزٹ ویزے کے حوالےسے ایک شخص نے دریافت کیا ’ اہلیہ کےلیے وزٹ ویزا جاری کرانے کے لیے اقامہ کارآمد ہونا ضروری ہے، اقامہ کی ایکسپائری کم از کم کتنی ہونا چاہئے‘؟۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا ’وزٹ ویزے کا اجرا وزارت خارجہ کا کام ہے تاہم وزٹ ویزے پرمملکت آنے والے کے ویزے کی توسیع جوازات کے ذریعے کرائی جاتی ہے جس کی ماہانہ فیس 100 ریال ہوتی ہے جسے جمع کرانے کے بعد وزٹ ویزے کی مدت میں توسیع کرائی جاسکتی ہے‘۔ 
خیال رہے وزٹ ویزے کے اجرا کےلیے لازمی ہے کہ درخواست دہندہ کا اقامہ کارآمد ہو۔ جس وقت وزٹ ویزے کے لیے ابشراکاونٹ سےدرخواست جمع کرائی جارہی ہو اس وقت اقامہ کی مدت میں کم ازکم تین ماہ باقی ہونا چاہئیں تاکہ ابشرسسٹم کی درکارکارروائی مکمل کی جاسکے۔      

شیئر: