Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالاکوٹ: درختوں کے تحفظ کے لیے سرگرم ماحولیاتی کارکن خواجہ مظہر اقبال گرفتار، وجہ کیا ہوئی؟

ماحولیاتی کارکن خواجہ مظہر اقبال کو محکمۂ جنگلات کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے (فوٹو: اُردو نیوز)
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی تحصیل بالاکوٹ میں درختوں کے تحفظ کے لیے سرگرم ماحولیاتی کارکن خواجہ مظہر اقبال کو محکمۂ جنگلات کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
خواجہ مظہر اقبال کو اتوار کو بالاکوٹ کی ایک مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اُن کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی گئی، تاہم محکمۂ جنگلات کے اہل کاروں نے عدالت کے باہر سے انہیں دوبارہ حراست میں لے لیا۔
واضح رہے کہ ماحولیاتی کارکن خواجہ مظہر اقبال کو سنیچر کے روز ضلع مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ کے علاقے ندی بنگلہ کے دورے کے دوران مبینہ طور پر حراست میں لیا گیا تھا۔
خواجہ مظہر اقبال کی ٹیم اور ساتھی ماحولیاتی کارکنوں کا کہنا ہے کہ انہیں ندی بنگلہ میں درختوں کی مبینہ غیر قانونی کٹائی کا معاملہ اُجاگر کرنے کی پاداش میں حراست میں لیا گیا اور بعد ازاں اُن کے خلاف مقدمے کا اندراج کیا گیا۔
تاہم دوسری جانب بالاکوٹ کے سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (ایس ڈی ایف او) کا مؤقف ہے کہ خواجہ مظہر اقبال نے کارِ سرکار میں مداخلت اور توڑ پھوڑ کی، جس پر اُن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
خواجہ مظہر اقبال کے قریبی ساتھی اور ماحولیاتی کارکن انس وحیدی نے اِس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خواجہ مظہر اقبال کی ٹیم ’سیو دی ٹریز‘ کے پلیٹ فارم سے درختوں اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے باقاعدہ ایک فرم اور ایجنسی کے طور پر کام کرتی ہے۔ 

خواجہ مظہر اقبال کو مقامی عدالت سے ضمانت مل گئی تھی لیکن فاریسٹ رینجرز نے اُن کو ایک بار پھر گرفتار کر لیا (فوٹو: اُردو نیوز)

اُن کے مطابق وہ اِس سے قبل بھی ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی میں بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی میں مبینہ بے ضابطگیوں کا جائزہ لینے کے لیے وہاں کا دورہ کر چکے ہیں۔
انس وحیدی کے مطابق اِس دورے کے موقع پر ہم نے تمام سٹیک ہولڈرز کی شمولیت کے ساتھ ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے اور باہمی مشاورت سے وہاں ہونے والی بے ضابطگیوں کی چھان بین کا مطالبہ کیا تھا، جس پر بعد میں عمل درآمد بھی ہوا۔
سنیچر کو پیش آنے والے واقعے کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انس وحیدی کا کہنا تھا کہ ’بالاکوٹ کے علاقے ندی بنگلہ کے حوالے سے ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ وہاں غیر قانونی طور پر درختوں کی کٹائی ہو رہی ہے۔‘
انس وحیدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ اطلاع ملنے کے بعد پہلے ایس ڈی ایف او عثمان خان سے رابطہ کیا، انہیں باقاعدہ مطلع کیا اور اُن کی اجازت سے ہی وہاں گئے، تاہم اُن کے مطابق بعد ازاں اِس بات کو غلط انداز میں پیش کیا گیا کہ انتظامیہ کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔
انس وحیدی کے مطابق خواجہ مظہر اقبال جب اپنی ٹیم کے ہمراہ وہاں پہنچے تو ندی بنگلہ کے سرکاری گیسٹ ہاؤس میں ایک آرا (مشین ) نصب تھا اور وہاں درختوں کی کٹائی جاری تھی۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ ماحولیاتی کارکن ہونے کے ناطے وہ اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ایسا آرا لائسنس کے بغیر نصب نہیں کیا جا سکتا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اُنہوں نے جب اِس حوالے سے وہاں موجود مقامی ٹھیکیدار سے استفسار کیا تو اِس کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے۔ انس وحیدی کے مطابق وہ جس راستے سے اندر گئے تھے، وہ بعد ازاں بیریئر لگا کر بند کر دیا گیا اور ٹیم کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
انس وحیدی نے بتایا کہ اِس صورتِ حال کے دوران ہماری ٹیم کا رابطہ گھنٹوں تک ہم سے منقطع رہا اور بعد ازاں ہمیں علم ہوا کہ تھانہ بالاکوٹ میں اِن کے خلاف مقدمے کا اندراج کیا جا رہا ہے۔

ماحولیاتی کارکنوں کا کہنا ہے کہ خواجہ مظہر اقبال کو درختوں کی مبینہ غیر قانونی کٹائی کا معاملہ اُجاگر کرنے کی پاداش میں حراست میں لیا گیا (فوٹو: اُردو نیوز)

انہوں نے بالاکوٹ کی مقامی عدالت سے خواجہ مظہر اقبال کو ملنے والی ضمانت کے حوالے سے بتایا کہ آج ڈیوٹی مجسٹریٹ نے خواجہ مظہر اقبال کی ضمانت منظور کر لی تھی، تاہم عدالت کے باہر سے فاریسٹ رینجرز نے انہیں دوبارہ تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
خواجہ مظہر اقبال کے خلاف مقدمہ درج
خیبر پختونخوا کی تحصیل بالاکوٹ کے محکمہٌ جنگلات کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں مؤقف اختیار اپنایا گیا ہے کہ 21 نومبر 2026 کی دوپہر قریباً تین بجے ندی بنگلہ میں سرکاری عمارت کی مرمت کا کام جاری تھا کہ ملزم جیپ میں سوار ہو کر وہاں پہنچے اور زبردستی بیریئر کھولنے کا مطالبہ کیا۔ 
مدعی نے ایف آئی آر میں یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزموں سے جب تعارف کروانے کے لیے کہا گیا تو انہوں نے بیریئر پر پتھراؤ شروع کر دیا، لوہے کے راڈ سے تالا توڑا اور مبینہ طور پر عملے کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے رقم کا تقاضا کیا۔
درخواست میں کارِ سرکار میں مداخلت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، بھتہ طلب کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت قانونی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔ تاہم ’سیو دی ٹریز‘ نے اِس ایف آئی آر کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
دوسری جانب اس معاملے پر مؤقف جاننے کے لیے ایس ڈی ایف او بالاکوٹ سے رابطہ کیا گیا تو اُنہوں نے براہِ راست کوئی جواب نہیں دیا۔ تاہم سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں اُنہوں نے خود پر عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی حبسِ بے جا میں نہیں رکھا گیا، بلکہ کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

خواجہ مظہر اقبال کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر میں اُن پر کارِ سرکار میں مداخلت کا الزام عائد کیا گیا ہے (فوٹو: اُردو نیوز)

خواجہ مظہر اقبال کون ہیں؟
خواجہ مظہر اقبال کا تعلق جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سے ہے جہاں اُنہوں نے درختوں کے تحفظ کے لیے نمایاں کام کیا ہے، تاہم اِن کی سرگرمیاں ملک کے دیگر علاقوں تک بھی پھیلی ہوئی ہیں۔ وہ نہ صرف قدیم اور عمر رسیدہ درختوں کو کٹنے سے بچانے کی مہم چلاتے رہے ہیں بلکہ ماحولیاتی آگاہی پھیلانے کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقوں میں مختلف تنظیموں کے اشتراک سے ماحول کی بہتری کے لیے بھی متحرک ہیں۔
انہوں نے ’سیو دی ٹریز‘ کے نام سے درختوں کے بچاؤ کے لیے کام کرنے والی ایک فرم بھی بنا رکھی ہے، جس کے پلیٹ فارم سے وہ نہ صرف شجرکاری اور پرانے درختوں کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں بلکہ ماحولیاتی بے ضابطگیوں کی نشاندہی بھی کرتے ہیں۔

شیئر: