Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن سے بھاگنے کی کوشش پر سڑکوں پر ہوں گے: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ میں اپنی قوم کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہمیں ہر چیز کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان کی وکلا برادری کو بھی ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا، کیونکہ اگر آئین گیا تو قوم ختم۔
اتوار کو سوشل میڈیا پر خطاب میں عمران خان نے کہا کہ یہ جو ہمارے لوگوں کو پکڑ رہے ہیں، انہوں نے علی امین گنڈاپور کو پکڑا ہے، جو کیسز کر رہے ہیں جو لوگوں کو جیلوں میں ڈال رہے ہیں، میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میری قوم تیار ہو جائے یا تو ’اِنہوں نے الیکشن نہیں کرانے تو تب بھی ہمیں سڑکوں پر پرامن طور پر نکلنا پڑے گا اور اگر انہوں نے الیکشن کرائے اور سب کو جیلوں میں بند کر دیا، کارکنوں کو بھی جیلوں میں ڈال دیا، امیدواروں کو ہراساں کیا، تاکہ ہمارے ہاتھ باندھ کر ہم الیکشن لڑیں اور ان کا خیال ہے کہ ہم بیٹھیں رہیں گے ہمیں پھر سڑکوں پر نکلنا ہو گا۔‘
’اور میں اپنی قوم کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہمیں ہر چیز کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اگلے دنوں میں ہم دیکھیں گے کس طرح جا رہا ہے، اگر انہوں نے الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کی عدلیہ کو تقسیم کر کے اور یا انہوں نے ہم پر اسی طرح کے حربے استعمال کیے تو ہم سڑکوں پر ہوں گے۔‘
عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کا نام لیے بغیر ایک بار پھر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’ملک ایک سال میں جہاں پہنچا ہے کوئی اُس آدمی سے سوال پوچھے گا جس نے کہا کہ عمران خان بڑا خطرناک ہے اس لیے میں نے (اسے ہٹانے کا) فیصلہ کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس نے اس لیے فیصلہ نہیں کیا تھا بلکہ اس کی اور وجوہات تھیں، وہ اپنی ایکسٹینشن چاہتا تھا، شہباز شریف نے اسے یقین دلایا ہوا تھا، وہ اور بات ہے کہ نواز شریف اڑ گیا۔‘
’منصوبہ سارا ایکسٹینشن کا تھا یہ سب کچھ اس کی ذات کے لیے ہوا ہے۔ ملک کو اس حال تک اپنے ذاتی مفادار کی وجہ سے پہنچایا گیا اور پوری سازش اُس کے لیے کی گئی تھی۔ تو آج کوئی پوچھے گا اس سے۔‘

شیئر: