Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ٹی20: نیوزی لینڈ کو 38 رنز سے شکست، حارث رؤف کی پھر چار وکٹیں

بابر اعظم نے 58 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے پانچ ٹی20 میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو 38 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم 193 رنز کے تعاقب میں 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز ہی بنا سکی۔ مارک چیپ مین 65 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے ایک بار پھر عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سنیچر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور ان کی شاندار سینچری کی بدولت پاکستان نے 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے۔ بابر اعظم 101 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد رضوان 50 اور افتخار احمد 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

نیوزی لینڈ کی جانب سے 193 رنز کے تعاقب میں ٹام لیتھم اور چاڈ بویس نے اننگز کا محتاط آغاز کیا۔ 44 کے مضموعی سکور پر ٹام 19 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
اس سے اگلے اوور میں عماد وسیم نے چاڈ بویس کو بھی بولڈ کر دیا۔ وہ صرف 26 رنز بنا پائے۔
پہلے میچ میں چار وکٹیں اپنے نام کرنے والے حارث رؤف کی تیز رفتار بولنگ آج بھی نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر کے لیے پریشانی کا باعث بنی رہی۔ انہوں نے وِل ینگ، ڈیرل مچل، جیمز نیشم اور راچن رویندرا کو پویلین روانہ کیا۔
ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کول میکونی تھے انہیں زمان خان نے بولڈ کیا۔
بلیک کیپس کی جانب سے واحد کامیاب بیٹر مارک چیپ مین رہے جنہوں نے 40 گیندوں پر 65 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں چار چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔

بابر اعظم کی شاندار سینچری

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا عمدہ آغاز کیا اور پچھلے میچ میں جلد آؤٹ ہونے کا نیوزی لینڈ کے بولرز سے خوب بدلہ لیا۔
دونوں کے درمیان 99 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد رضوان 50 رنز بنا کر میٹ ہنری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ہنری جنہوں نے گزشتہ میچ میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے ہیٹرک کی تھی، آج بھی بھرپور فارم میں نظر آئے اور محمد رضوان کے بعد اگلی ہی گیند پر انہوں نے ان فارم بیٹر فخر زمان کو بولڈ کر دیا۔
اس سے اگلا اوور بھی پاکستان کے لیے اچھا ثابت نہ ہوا اور صائم ایوب بھی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں راچن رویندرا نے آؤٹ کیا۔

میٹ ہنری نے فخر زمان کو صفر پر بولڈ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

عماد وسیم کو بھی اوپر بھیجنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوا اور وہ صرف دو رنز بنا کر جمیز نیشم کی گیند پر ٹام لیتھم کو کیچ تھما بیٹھے۔
اوپر تلے وکٹیں گرنے کے بعد پاکستانی ٹیم دباؤ میں تھی لیکن دوسرے اینڈ پر بابر اعظم چٹان کی طرح کھڑے تھے اور ان کا ساتھ افتخار احمد نے خوب نبھایا اور مومینٹم اپنے حق میں کر لیا۔
بابر اعظم نے کیوی بولرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور خوب باؤنڈریز لگائیں۔ انہوں نے 58 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی جس میں 11 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
بابر اور افتخار احمد کے درمیان 87 رنز کی شراکت داری بھی بنی۔ افتخار احمد نے 19 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کے ساتھ 33 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

شیئر: