Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات اور قطر کے سفارتی تعلقات بحال ہونے کے قریب

قطر کے انٹرنیشنل میڈیا آفس نے کہا کہ ’جتنی جلد ممکن ہو سکے سفارت خانے کھولنے پر کام ہو رہا ہے۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
حکام کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور قطر سفارتی تعلقات بحال کر رہے ہیں اور ’چند ہفتوں‘ میں سفارت خانے کھولنے جا رہے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ اقدامات عرب ممالک کی جانب سے دو برس قبل دوحہ کا بائیکاٹ ختم کرنے کے بعد کیے جا رہے ہیں۔
یو اے ای کے حکام نے روئٹرز کو بتایا کہ ’اس وقت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی ہو رہی ہے، جس میں سفارت خانوں کو دوبارہ کھولنا بھی شامل ہے۔‘
قطر کے انٹرنیشنل میڈیا آفس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’جتنی جلد ممکن ہو سکے سفارت خانے کھولنے پر کام ہو رہا ہے۔‘
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ایک بریفنگ میں کہا کہ ’میرے خیال میں اگلے چند ہفتوں میں دونوں ممالک میں سفارت خانے کھل جائیں گے۔‘
تعلقات کی بحالی ایسے وقت پر ہو رہی ہے جب سعودی عرب اور ایران نے گذشتہ ماہ کئی برسوں سے جاری مخاصمت کو ختم کرنے اور سفارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب اور مصر سمیت کئی عرب ممالک نے شام کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔
منگل کو سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سرکاری دورے پر شام کے دارالحکومت دمشق پہنچے جہاں ان کی شامی صدر بشار الاسد سے ملاقات ہوئی۔
سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا دورہ مملکت کی شام کے مسئلے کے سیاسی حل میں دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔
سعودی عرب اور مصر نے 2021 میں اپنے سفیروں کو قطر میں تعینات کیا تھا، جبکہ بحرین نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرے گا۔

شیئر: