کویت میں بحال کی جانے والی پارلیمنٹ تحلیل، نئے انتخابات کرائے جائیں گے
کویتی ولی عپد کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ملکی ذمہ داری کے احساس سے کیا ہے( فوٹو: عرب نیوز)
کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے رواں سال مارچ کے دوران آئینی عدالت کے فیصلے کی بنیاد پر بحال کی جانے والی 2020 والی پارلیمنٹ تحلیل کردی۔
کویت کے سرکاری خبررساں ادارے کونا کے مطابق کویتی ولی عہد نے کہا کہ ’آنے والے مہینوں میں قانون ساز پارلیمنٹ کے لیے نئے انتخابات کرائے جائیں گے‘۔
ولی عہد نے یہ اعلان امیر کویت شیخ نواف الاحمد لاصباح کی جانب سے ایک خطاب میں کیا ہے۔
یاد رہے کے کویتی پارلیمنٹ کو گزشتہ برس تحلیل کردیا گیا تھا اور قبل از وقت انتخابات ستمبر میں کرائے گئے تھے تاہم آئینی عدالت نے انتخابات کا کالعدم قرار دیتے ہوئے سابقہ پارلیمنٹ کو بحال کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ’ ہم نے آئین کے آرٹیکل 107 کے مطابق پارلیمنٹ مو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جسے آئینی عدالت نے بحال کیا تھا اور ہم آنے والے مہینوں میں نئے انتخابات کے انعقاد پر زور دیں گے‘۔
ان کا کہنا تھا’ یہ فیصلہ ملکی ذمہ داری کے احساس سے کیا ہے۔ ریاستی اداروں کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھتے ہیں۔ حسب ضرورت ہدایت، رہنمائی اور مشورہ دیتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ان دنوں ملک میں جو کچھ دیکھنے میں آرہا ہے اس سے عوام کی طرح ہم بھی دکھی ہیں۔ سیاسی منظر نامہ تشویش کا باعث ہے‘۔
کویتی ولی عہد کا کہنا تھا کہ ’22 جون 2022 کے اختتام میں جن مسلمہ اصولوں اور بنیادوں کا تذکرہ کیا گیا تھا انہیں تبدیل کیا جائے گا اور نہ کوئی ردوبدل ہوگا‘۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ’ پارلیمنٹ کو عوام کی خواہشات کے مطابق تحلیل کیا گیا۔ کچھ قانونی اور سیاسی اصلاحات کے بعد نئے انتخابات ہوں گے‘۔
’ کوشش ہوگی کہ اختلافات کا سدباب، مقننہ اور انتظامیہ کی جانب سے اختیارات کےاستعمال کے سلسلے میں قانون کی روح کے منافی ہر عمل کو روکا جائے۔ عدلیہ کی غیرجانبداری اور شفاف کردار کو یقینی بنایا جائے‘۔