Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زندگی میں ایسے مرد بھی ہیں جو میری کامیابی سے اِن سکیور ہیں، پرینکا چوپڑا

پرینکا چوپڑا نے کہا کہ ’مرد خوفزدہ ہو جاتے ہیں جب عورت مرد سے زیادہ کامیاب ہو‘ (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ میں پکی چوپس کے نام سے مشہور اداکارہ پرینکا چوپڑا نے ایک عرصے تک انڈین سنیما پر راج تو کیا ہی ہے لیکن اب وہ ہالی وڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ پرینکا گذشتہ کچھ برسوں سے امریکہ میں مقیم ہیں اور چند روز قبل ہی انہوں نے  ہالی وُڈ منتقل ہونے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہاں بالی وڈ میں انہیں ’دیوار سے‘ لگایا جا رہا تھا۔
اب انہوں نے انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی کو اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کے اردگرد ایسے مرد بھی ہیں جو اُن کی کامیابی کی وجہ سے اِن سکیور محسوس کرتے ہیں۔
اے این آئی کو انٹرویو میں پرینکا چوپڑا نے بالی وڈ میں صنفی بنیاد پر مرد اور خواتین فنکاروں کے درمیان معاوضوں کے فرق کے حوالے سے بات کی۔
پرینکا کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ سب ہی کو کامیاب ہونا چاہیے لیکن ہر کوئی ایسا نہیں چاہتا۔
’میری زندگی میں کچھ شاندار مرد ہیں جو میری کامیابی سے خود کو غیر محفوظ نہیں سمجھتے لیکن میری زندگی میں ایسے مرد بھی ہیں جنہیں میری کامیابی کھٹکتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مرد خوفزدہ ہو جاتے ہیں جب عورت مرد سے زیادہ کامیاب ہو۔‘

پرینکا چوپڑا نے کہا کہ ’میری زندگی میں کچھ شاندار مرد ہیں جو میری کامیابی سے خود کو غیر محفوظ نہیں سمجھتے‘ (فوٹو: انسٹاگرام)

اپنی فیملی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پرینکا چوپڑا نے کہا کہ ’ایک وقت پر میری والدہ میرے والد سے زیادہ کما رہی تھیں لیکن وہ اسے ایک یونٹ کے طور پر ہی دیکھتے تھے کیونکہ گھر پر ہی تو آ رہا ہے۔ کوئی انا نہیں تھی۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں اپنے شوہر نک جونس پر فخر ہے۔ ’اب آج جب میں اپنے شوہر کے ساتھ ریڈ کارپٹ پر چلتی ہوں اور وہ ایک طرف ہو کر مجھے مرکزی سٹیج دیتے ہیں تو مجھے فخر محسوس ہوتا ہے۔‘
پرینکا چوپڑا کہتی ہیں کہ ’ہمیں بطور معاشرہ ایسے مردوں کی پرورش کرنی چاہیے جو ان چیزوں سے اِن سکیور نہ ہوں۔ سب کو کامیاب ہونے دو۔ ہمیں اپنے بیٹوں کو سِکھانے کی ضرورت ہے کہ رونے میں آنسو بہانے میں کوئی شرم نہیں اور اپنی ماؤں، بہنوں اور گرل فرینڈز کو سپاٹ لائٹ دینے میں بھی کوئی شرم نہیں۔‘

شیئر: