Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 سیریز 2-2 سے برابر، پانچویں میچ میں نیوزی لینڈ کی 6 وکٹوں سے کامیابی

آخری میچ میں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ فوٹو ٹوئٹر
نیوزی لینڈ نے ہارڈ ہٹر مارک چپمین کی شاندار ناٹ آؤٹ سنچری کی مدد سے پاکستان کے خلاف سیریز کا آخری میچ 6 وکٹوں سے جیت کر 5 میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر لی۔
پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے آخری اوور کی دوسری گیند پر 194 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

دونوں ٹیموں نے پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے دو، دو تبدیلیاں کیں۔ فوٹو ٹوئٹر

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے آخری میچ میں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔
پانچویں اور آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں کارآمد ثابت نہیں ہوا لیکن مارک چیپمین کی دھواں دار بیٹنگ نے اس فیصلے کو کامیاب بنانے میں منفرد کردار ادا کیا۔
پاکستان کے اوپنرمحمد رضوان نے 62 گیندوں پر 98 رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، بابراعظم نے 19، افتخار احمد نے 36، عماد وسیم نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے  بلیئر ٹکنر نے 3 جبکہ ایش سوڈھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم نے 5 میچوں کی سیریز کے ابتدائی 2 میچ جیتے تھے جب کہ تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نےکم بیک کرتے ہوئے 4 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ سیریز کا چوتھا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
نیوزی لینڈ نے 194 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے 4 رنز پر دو اور 26 رنز پر 3 وکٹیں گنوا دی تھیں ، چاڈ بووز نے 19 اور ڈیرل مچل نے 15 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے مارک چپمین مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز  رہے۔ فوٹو ٹوئٹر

نیوزی لینڈ کی ٹیم میں شامل ہارڈ ہٹر مارک چپمین نے شاندار سنچری سکور کرتے ہوئے گیارہ چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 104 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جب کہ جیمز نیشم نے 25 گیندوں پر 45  رنز کی شاندار اننگز کھیل کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ شاہین آفریدی اور عماد وسیم نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔
مارک چپمین  شاندار سنچری بنا کر مین آف دی میچ رہے ، سیریز میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر انہوں نے مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔

مارک چپمین نے ناقابل شکست 104 رنز بنائے جب کہ جیمز نیشم نے 45 رنز بنائے۔ فوٹو ٹوئٹر

دونوں ٹیموں نے پانچویں اور آخری میچ کیلئے دو، دو تبدیلیاں کیں، پاکستان نے فخر زمان اور زمان خان کی جگہ احسان اللہ اور محمد حارث کو  ٹیم میں شامل کیا جب کہ نیوزی لینڈ نے کول میک کونچی کی جگہ جیمز نیشم اور معمولی انجری کا شکار ہونیوالے میٹ ہنری کی جگہ بلیئر ٹکنر کو ٹیم میں شامل کیا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد حارث، صائم ایوب، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور احسان اللہ شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ٹام لیتھم (کپتان اور وکٹ کیپر)، چاڈ بووز، ول ینگ، ڈیرل مچل، مارک چیپ مین، جیمز نیشم، راچن رویندرا، ایڈم ملنے، بلیئر ٹکنر، ایش سودھی اور ہنری شپلی شامل ہیں۔

شیئر: