Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کپتان بابر اعظم نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا، تیز ترین 5 ہزار رنز مکمل

بابر اعظم نے اپنی 97 ویں ایک روزہ اننگز میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک روزہ میچز میں تیز ترین 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
بابر اعظم نے یہ کارنامہ جمعے کو کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ کے دوران انجام دیا۔
اس میچ میں کپتان بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 117 گیندوں پر 107 رنز بنائے جس میں 10 چوکے بھی شامل تھے۔ یہ ان کے کیریئر کی 18 ویں سینچری تھی۔
28 سالہ بیٹر نے اپنے کیریئر کی 97 ویں اننگز میں 5 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے 104 میچز کی 101 اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا تھا۔ 
گذشتہ برس وہ ہاشم آملہ کے 81 اننگز میں تیزترین چار ہزار رنز کا ریکارڈ بھی توڑنے کے قریب پہنچ گئے تھے۔
بابر اعظم گذشتہ دو سال سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
پاکستانی کپتان ون ڈے کرکٹ میں 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے پاکستان کے 14ویں کھلاڑی بن گئے ہیں جن میں سے انضمام الحق 11 ہزار 701 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
بابر اعظم نے مئی 2015 میں زمبابوے کے خلاف لاہور میں اپنا پہلا ون ڈے میچ کھیلا تھا، وہ دنیا کے واحد بیٹر ہیں جنہوں ںے لگاتار تین ایک روزہ میچز میں تین سینچریاں بنانے کا کارنامہ دو بار سرانجام دیا۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے یہ اعزاز 2016 اور 2022 میں حاصل کیا تھا۔

شیئر: