Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ میں فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کرنے والے پولیس اہلکار کو سزائے موت

فائرنگ کا یہ واقعہ 6 مئی 2021 کو کوئٹہ میں سریاب روڈ پر پیش آیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
 بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں عدالت نے نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے ایک پولیس اہلکار کو سزائے موت جبکہ تین کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ 
فائرنگ کا یہ واقعہ 6 مئی 2021 کو کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پیش آیا تھا۔
17 سالہ فیضان جتک اور اس کے کزن شہزاد جتک کو گاڑی نہ روکنے پر پولیس کے ایگل سکواڈ کے اہلکاروں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
گولی لگنے سے فیضان جتک ہلاک اور اس کا کزن زخمی ہوگیا تھا- 
 واقعے کے بعد مقتول کے لواحقین نے سڑک بند کرکے احتجاج کیا اور ملوث اہلکاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔
اس کے بعد ایگل سکواڈ کے چار اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
سنیچر کو کوئٹہ کے ایڈیشنل سیشن جج ون سریاب ڈویژن اورنگزیب گھمن نے کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے ایگل سکواڈ کے اہلکار سلیمان کو نوجوان جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی جبکہ ان کے ساتھی پولیس اہلکاروں ارسلان، ظاہر اعظم اور حامد کو عمر قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے دوسرے شہری کو زخمی کرنے پر ملزمان کو مزید پانچ پانچ سال قید کی سزا بھی سنائی۔

شیئر: