Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کم چکنائی اور نشاستے والی خوراک، طویل عمر کا راز؟

زیتون کا تیل اور ڈرائی فوٹ صحت مند چکنائی کا بہتر ذریعہ ہیں۔ فوٹو: فری پک
نئی تحقیق کے مطابق کم چکنائی اور کم نشاستے یعنی کاربوہائیڈریٹس والی غذا صحت مند زندگی گزارنے اور عمر درازی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
ہیلتھ لائن میگزین کے مطابق دل کے امراض، مختلف قسم کے کینسر اور قبل از وقت موت کی ایک وجہ نشاستے اور چکنائی سے بھرپور غذا ہو سکتی ہے۔
بین الاقوامی جریدے جرنل آف انٹرنل میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق میں کم نشاستے اور کم چکنائی والی غذا کے بیماریوں اور شرح اموات پر اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اس تحقیق میں ادھیٹر اور بڑی عمر کے افراد کو شامل کیا گیا۔
تحقیق میں شامل افراد کو کم چکنائی والی صحت مند خوراک دی گئی جس میں سیچوریٹڈ فیٹس کی کم سے کم مقدار شامل تھی جبکہ نباتاتی ذرائع سے حاصل کردہ پروٹین اور ہائی کوالٹی کاربوہائیڈریٹس کو استعمال میں لایا گیا۔
اس سے پہلے ہونے والے کلینکل ٹرائلز میں یہ بات سامنے آئی کہ کم چکنائی اور کاربوہائیڈریٹس والی غذا سے وزن میں کمی اور دل کی صحت میں بہتری دیکھی گئی تھی۔
تاہم اس نئی تحقیق سے سامنے آنے والے حقائق زیادہ پیچیدہ ہیں۔
تحقیق کے مصنفین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہمارے نتائج اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ ادھیڑ اور بڑی عمر کے لوگوں میں موت کی وجہ بننے والی بیماریوں سے بچنے کے لیے کم چکنائی اور کم سیچوریٹڈ فیٹس والی صحت مند غذا لینے کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔‘
امریکی ماہر غذائیت لون بین اشر نے ہیلتھ لائن میگزین کو بتایا کہ کسی بھی انسان کی زندگی میں خوراک  کی کوالٹی کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے، جس سے اس کی صحت بہتر یا بگڑ سکتی ہے۔

نباتاتی ذرائع سے حاصل کردہ پروٹین صحت کے لیے بہتر سمجھی جاتی ہے۔ فوٹو: فری پک

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص باقاعدگی سے کم نشاستے اور چکنائی والی خوراک لیتا ہے جس میں اچھی کوالٹی کے کاربوہائیڈریٹس، نباتاتی ذرائع سے حاصل کردہ پروٹین، وٹامن، منرلز اور فائبر شامل ہو تو بہت ساری دائمی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے جن میں ہائپر ٹینشن، دل کے امراض، شوگر اور کینسر شامل ہیں۔
ماہر غذائیت کے مطابق فائبر سے بھرپور غذاؤں میں تمام سبزیاں بالخصوص مٹر، آلو، پھلیاں یا لوبیا، دالیں، جو کا دلیہ اور تمام اناج شامل ہیں۔
ایک اور ماہر غذائیت کرسٹین کرپاٹرک نے بتایا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ چکنائی صحت مند ذرائع سے حاصل کی جائے جیسے ڈرائی فروٹ اور زیتون کا تیل۔
انہوں نے کہا کہ ہر تحقیق میں ڈرائی فروٹ اور زیتون سے حاصل ہونے والی چکنائی کو فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔
’نشاستہ یا چکنائی لینے میں کوئی خرابی نہیں ہے لیکن کس ذرائع سے حاصل کی جا رہی ہے وہ انسانی صحت کا تعین کرتے ہیں۔‘

شیئر: