ڈاکٹر ھلا التویجری کا دورہ ہالینڈ، انسانی حقوق کے فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال
ڈاکٹر التویجری ہیومن رائٹس کمیشن کے وفد کے ہمراہ ہالینڈ کے دورے پر ہیں(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ہیومن رائٹس کمیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر ھلا بنت مزید التویجری نے ہالینڈ کے ساتھ انسانی حقوق کے فروغ اور دوطرفہ تعلقات کے استحکام کے لیے تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر التویجری ہیومن رائٹس کمیشن کے ایک وفد کے ہمراہ ہالینڈ کے دورے پر ہیں۔
ڈاکٹر ھلا بنت مزید التویجری نے ہالینڈ میں انسانی حقوق کی سفیر بھیہ تہذیب سے دفتر خارجہ ہیگ میں ملاقات کی۔
اس موقع پر باہمی دلچسپی کے متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے باہمی تجربات کے تبادلے اور تعاون کے پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر ھلا التویجری نے مختلف شعبوں میں سعودی عرب میں ہونے والی غیر معمولی ترقی خصوصا انسانی حقوق کے سلسلے میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ’ سعودی قیادت نے مملکت میں انسانی حقوق کے تحفظ، عوام کی خوشحالی و پروقار زندگی کے ضوابط کی پابندی پر ہمیشہ زور دیا ہے‘۔
ہیومن رائٹس کمیشن کی سربراہ کا کہنا تھا کہ’ سعودی عرب ترقیاتی پالیسیوں میں انسانی حقوق کے تحفظ کو سب سے اوپر رکھے ہوئے ہے۔اسلامی اور سماجی اقدار سےروشنی لی جاتی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی وژن 2030 کے تحت انسانی حقوق کا دائرہ وسیع کرنے اور انسانی حقوق کی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے قانون سازی اور اصلاحات کی ہیں‘۔
ڈاکٹر التویجری نے ہیگ میں متعدد عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتیں کرکے تجربات کے تبادلے اور مشترکہ تعاون کے امور پر بات چیت کی۔
ہیومن رائٹس کمیشن کے وفد میں کمیشن کے رکن زھیر الزومان، سیکریٹری بین الاقوامی تعاون محمد الثعلی اور ادارہ جاتی رابطہ انچارج احمد السلمان اور کمیشن کے متعدد عہدیدار شامل ہیں۔