Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈونلڈ ٹرمپ جنسی زیادتی کیس میں قصوروار قرار

سابق امریکی صدر نے کہا تھا کہ وہ خاتون کو نہیں جانتے اور ان کو جھوٹا قرار دیا تھا۔ (فوٹو:روئٹرز)
نیویارک کی جیوری نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک خاتون کالم نگار کے ساتھ جنسی بد سلوکی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نوے کی دہائی میں کالم نگار جین کیرول کی عمر اس وقت تقریباً 52 برس تھی۔
نیویارک کی جیوری نے سابق صدر کو حکم دیا ہے کہ جین کیرول کو 50 لاکھ ڈالر ہرجانہ ادا دیں۔
جین کیرول نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کو ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور کے ڈریسنگ روم میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
سابق امریکی صدر نے کہا تھا کہ وہ اس خاتون کو نہیں جانتے اور ان کو جھوٹا قرار دیا تھا۔
چونکہ یہ ایک سول مقدمہ ہے تو سابق صدر پر نہ فرد جرم عائد ہو گی اور نہ ہی قید کی سزا تاہم وہ جرمانہ ادا کریں گے۔
سابق صدر اگر اپیل کرتے ہیں تو وہ اس دوران جرمانہ ادا نہیں کریں گے۔
جین کیرل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’آج دنیا کو حقیقت معلوم ہو گئی ہے، مقدمے کی جیت صرف میرے لیے نہیں بلکہ ہر اس خاتون کے لیے ہے جو اس وجہ سے متاثر ہوئی کہ ان کو نہیں سنا گیا یا ان پر یقین نہیں کیا گیا۔‘
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو 2024 کے انتخابات میں حصہ لیں گے، کے وکیل جوزف ٹیکوپینا نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔
کیس کی سماعت کا آغاز 25 اپریل کو ہوا تھا تاہم وہ اس دوران پیش نہیں ہوئے۔
سابق صدر نے اس فیصلے کو ’ہتک آمیز‘ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ سرے سے اس خاتون کو جانتے ہی نہیں۔
اپریل میں سابق صدر نے الیکشن ریگولیٹرز کو ان کی درجن سے زیادہ اثاثوں کے بارے میں تفصیل فراہم کی تھی اور ہر اثاثے کی مالیت پچاس ملین سے زیادہ تھی۔

شیئر: