Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی سی ای او ٹوئٹر کو ’تبدیل‘ کرنے کے لیے پُرجوش

لنڈا یاکارینو میڈیا کمپنی این بی سی یونیورسل کی ایڈورٹائزنگ چیف رہ چکی ہیں۔ فوٹو: سی این این
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی نئی چیف ایگزیکٹو لنڈا یاکارینو نے تقرری کے بعد پہلی مرتبہ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایلون مسک کے وژن کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو تبدیل کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لنڈا یاکارینو نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’میں بہت عرصے سے ایلون مسک کے اس وژن سے متاثر ہوں کہ وہ روشن مستقبل بنانا چاہتے ہیں۔ میں اس وژن کو ٹوئٹر میں متعارف کرانے اور کاروبار کو تبدیل کرنے میں اپنی مدد فراہم کرنے پر پرجوش ہوں۔‘ 
اس سے قبل لنڈا یاکارینو گزشتہ کئی سالوں سے امریکی میڈیا کمپنی این بی سی یونیورسل کی ایڈورٹائزنگ چیف رہ چکی ہیں اور ٹوئٹر کے مستقبل کے لیے پرعزم ہیں۔
لنڈا یاکارینو کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر 2.0 بنانے کے لیے صارفین کی رائے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
ٹوئٹر کی نئی سی ای او نے ایسے وقت پر یہ عہدہ سنبھالا ہے جب سوشل میڈیا پلیٹ فارم اشتہارات سے ہونے والی کمائی کو بحال کرنے کے لیے کوشاں ہے اور مقروض ہونے کے علاوہ دیگر چیلنجز سے نبٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے بعد سے ایسی پالیسیاں متعارف کیں جن سے اشتہاری کمپنیاں براہ راست متعارف ہوئی ہیں۔
ایلون مسک اعتراف کر چکے ہیں کہ اشتہارات سے ہونے والی آمدنی میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔
تاہم دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کا کہنا ہے کہ لنڈا یاکارینو ’ایوری تھنگ ایپ‘ بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی جو مختلف سروسز فراہم کرے گی۔
ایڈورٹائزنگ کے شعبے سے وابستہ لنڈا یاکارینو کو چیف ایگزیکٹو مقرر کرنا ہی اس بات کا عندیہ ہے کہ ایلون مسک اشتہارات کی واپسی پر ہی توجہ مرکوز کریں گے۔

شیئر: