Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یو اے ای میں لگژری ٹرین سروس کے لیے اتحاد ریل کا اطالوی فرم سے معاہدہ

اس معاہدے کا مقصد سیاحت کا فروغ، قومی ورثے اور حسین مقامات کی جانب توجہ مبذول کروانا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
یو اے ای میں لگژری ٹرین سروس متعارف کروانے کے لیے اتحاد ریل کا اطالوی فرم آرسینالے سے معاہدہ ہوگیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق قومی ریلوے نیٹ ورک آپریٹر اتحاد ریل ک اطالوی فرم آرسینالے گروپ سے معاہدہ کے بعد اب یو اے ای میں مسافروں کو لگژری ٹرین سروس تک رسائی حاصل ہوگی۔
اس معاہدے کا مقصد سیاحت کا فروغ، قومی ورثے اور حسین مقامات کی جانب توجہ مبذول کروانا ہے۔
 دونوں فرمز نے ابو ظبی میں ہونے والی دو روزہ مڈل ایسٹ ریل ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس میں یادگاری معاہدے پر دستخط کیے جس کے بعد یو اے ای سے عمان کے بارڈر تک 15 کیرج ٹرانزٹ کو چلایا جائے گا۔
اس پروجیکٹ کے لیے اطالوی فرم اٹلی کے شہر پگلیا اور سیسلی میں اِن کیرج کو خصوصی  فیکٹریوں میں بالکل نئے سرے سے بنائیں گے۔
آرسینالے گروپ کے مطابق یو اے ای ایسی لگژری کُروز ٹرین حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے ممالک میں سے ایک ہوگا۔
اتحاد ریل کے سی ای او شادی مالاک کہتے ہیں کہ ’ایسی لگژری ٹرین کے قیام سے ہم خطے میں منفرد ورلڈ کلاس سروس لا رہے ہیں اور یو اے ای کی سیاحت میں فروغ کے لیے اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ اس کے ذریعے ہم ملک کے بڑے ورثے اور خوب صورتی کو دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے سامنے لا سکیں گے۔‘
اس پروجیکٹ کے آغاز کے بعد اسے گلف کاپوریشن کونسل کے خطے تک پھیلانے کا ارادہ ہے۔
یہ آرسینالے کا  خطے میں دوسرا پروجیکٹ ہے۔ اس سے قبل مارچ میں اس نے سعودی عرب کی ریلوے کے ساتھ مملکت میں مشرق وسطیٰ کی پہلی لگژری ٹرین سروس شروع کرنے کا ایم او یو سائن کیا تھا۔
یہ ’ڈریم آف ڈیزرٹ‘ پروجیکٹ کا حصہ ہے۔ اس معاہدے کے تحت 2025 تک 40 لگژری کیبن سعودی عرب میں لائے جائیں گے جو کہ مملکت میں ریاض سے قریت تک چلیں گے۔
آرسینالے کے سی ای او پاؤلو بارلیٹا کہتے ہیں کہ ’ریلوے کُروز سیاحت کا حال اور مستقبل ہے اور آرسینالے اسے دنیا کے خوبصورت مقامات پر لا کر سفر کی نئے دلفریب اور پائیدار راہ متعارف کروانا چاہتا ہے۔ اس شراکت داری سے واضح ہوتا ہے کہ جنون کی کوئی حد نہیں ہے اور اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے آپ کے سامنے کوئی رکاوٹ نہیں آ سکتی۔‘
اس کانفرنس کے دوران اتحاد ریل نے کُل سات معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

شیئر: